سینیٹ:ہوائی باربرداری بل منظور، اپوزیشن کا احتجاج

 سینیٹ:ہوائی باربرداری بل منظور، اپوزیشن کا احتجاج

بل کے حق 25،مخالفت میں9ارکان نے ووٹ دیا،اجلاس جمعہ تک ملتوی خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی بے دخلی کی خبر یں بے بنیاد :وقفہ سوالات

 اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )سینیٹ میں باربردار ی برائے ہوائی جہاز ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ،بل کے حق میں 25جبکہ مخالفت میں 9اراکین نے ووٹ دیا جس کے بعد پریذائیڈنگ آفیسر نے کثرت رائے کی بنیاد پر بل کی منظوری دیدی،بل   کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پریذائیڈنگ آفیسر پر جانبداری کا الزام عائد کیا۔ اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔منگل کو سینیٹ اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے باربرداری بذریعہ ہوائی جہاز (ترمیمی بل ) 2026 پیش کیا اس موقع پرپریذائیڈنگ آفیسر نے بل پر اراکین سے شق وار رائے لینے کے بعد کثرت رائے کی بنیاد پر منظور کر لیا۔بل کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ۔اس موقع پر اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور احتجاج شروع کیا۔اس موقع پر پریذائیڈنگ آفیسر نے بل پر رائے شماری کرائی۔ علاوہ ازیں سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے بتایا کہ ایف آئی اے میں اختیارات کے ناجائز استعمال پر 200 سے زائد اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ بعض اہلکار ملازمت سے بھی برطرف کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 2025 کے دوران امیگریشن اختیارات کے غلط استعمال اور بلاجواز آف لوڈنگ پر 85 اہلکاروں کو سزائیں دی گئیں۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ مسافروں کو آف لوڈ کرنے کا عمل مقررہ طریقہ کار کے تحت ہوتا ہے اور صرف مشتبہ کیسز میں ہی کارروائی کی جاتی ہے ۔ شکایات کے فوری ازالے کیلئے انٹیگریٹڈ کنٹرول، کمپلینٹس اینڈ کمیونیکیشن سینٹر فعال ہے ۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی بے دخلی سے متعلق سوشل میڈیا خبروں کو بھی مسترد کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل نے بتایا کہ وزیراعظم نے پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد 53 کلو میٹر موٹر وے کی بحالی اور اسے چھ رویہ بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطائالرحمن نے سرائے نورنگ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور اس معاملے پر ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں