پنکی کی گرفتاری کمٹمنٹ،گاہکوں کے نام سامنے آگئے ،صوبائی وزرا
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کے اجلاس میں جمعہ کو مختلف ارکان کی جانب سے عوامی اہمیت کے حامل متعدد توجہ دلاؤ نوٹس پیش کئے گئے ۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز میں معرکہ حق کے شہدا اور دیگر مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس سپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ پی ٹی آئی کے بلال جدون نے توجہ دلائو نوٹس پر کہا میرے حلقہ پی ایس 109 ہجرت کالونی میں منشیات سرعام فروخت ہورہی ہے ، جس سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے ، پنکی کہہ رہی ہے باہر آجائوں گی، وہ ہمارے نظام پر ہنس رہی ہے ، پنکی کا عدالت میں پروٹوکول ہمارے سسٹم کے منہ پر تمانچہ ہے ۔ اس پر سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا منشیات کی خرید و فروخت باعث تشویش بات ہے ، ہم نے سخت سے سخت مہم چلائی، منشیات صرف سندھ کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا ایشو ہے ۔سندھ سے منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنا ہوگا، انمول عرف پنکی کی گرفتاری ہماری کمٹمنٹ ہے ، منشیات فروش مارے بھی گئے اور پکڑے بھی گئے ۔ انہوں نے کہا جو بھی منشیات فروشی کرتا ہے اس کے خلاف ایکشن ہوگا.طویل لسٹ موجود ہے ، میں اس پر نہیں جانا چاہتا، مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے نام ہیں، منشیات کو جڑ سے نکالنا ہوگا، حکومت کی نیت صاف ہے ، آپ انفارمیشن دیں ہم ایکشن لیں گے ۔ وزیر داخلہ ضیالنجار نے کہا پنکی کو گرفتار کیا، تعریف کرنے کی ضرورت ہے ،پنکی کو پروٹوکول دینے والے پولیس افسروں کو معطل کیاہے ، گرفتار کرنے کی ضرورت پڑی تو گرفتار بھی کروں گا، سندھ پولیس نے انٹیلی جنس ادارے کے مدد سے پنکی کو گرفتار کیا، پنکی کا دوبارہ ریمانڈ لیا،اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہورہی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں چیزیں ٹھیک ہوں اور ہم اس کیس کو رول ماڈل بنائیں گے ۔پنکی پنجاب اور اسلام آباد میں بھی آپریٹ کر رہی تھی، ان گاہکوں کے نام بھی سامنے آگئے ہیں، کسی کے اوپر کیچڑ نہ اچھالیں۔