آئی ایم ایف کا پروگرام بیمار معیشت کیلئے ایک نسخہ :احسن اقبال
لاہور (خبر نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی ایران امریکا جنگ کے باعث ہوئی، جبکہ آئی ایم ایف کا پروگرام بیمار معیشت کیلئے ایک نسخہ ہوتا ہے جس کی دوائی کڑوی ہی ہوتی ہے ۔
ٹیکسوں کا بوجھ ضرور بڑھا، تاہم کچھ ریلیف بھی ملا ہے ،امید ہے 2035 تک پاکستان ایک ٹریلین کی اکانومی بن سکے گا، ایم ای ٹی ایس ایف اے بی نمائش، ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے مینوفیکچرنگ حب بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور پرائیویٹ سیکٹر دنیا کو اپنی جانب متوجہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ثابت کیا کہ مضبوط مینوفیکچرنگ ترقی کی ضمانت بنتی ہے ، جبکہ اڑان پاکستان وژن میں انڈسٹریلائزیشن کا کلیدی کردار ہے ۔ پاکستان جہاز، شپ، سیمنٹ اور شوگر پلانٹس بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، تاہم معیشت کو جدید ٹیکنالوجی کی بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا۔ انہوں نے انجینئرنگ انڈسٹری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام صلاحیتیں برآمدات بڑھانے پر مرکوز کی جائیں کیونکہ معاشی خودمختاری اور آئی ایم ایف سے نجات کے لیے زرمبادلہ میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ جتنی اہم نیوکلیئر دفاع ہے ، اتنی ہی معاشی خودمختاری بھی ضروری ہے ۔ وفاقی وزیر مزیدنے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد بھارت پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت سے پہلے کئی بار سوچے گا۔ بھارت اندر سے کھوکھلا اور پاکستان سے خوفزدہ ہے ۔ حکومت بزنس فرینڈلی ماحول کے لیے سرخ فیتے کے خاتمے پر کام کر رہی ہے اور وزیراعظم نے کاروباری شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی ہے ۔ پاکستان کو عالمی معیار کے مطابق اپنی کوالٹی بہتر بنانا ہوگی اور میڈ اِن پاکستانبرانڈ کو مضبوط بنانے میں پرائیویٹ سیکٹر اہم کردار ادا کرے گا۔