قومی اسمبلی میں ملک کے پہلے اے آئی پارلیمانی نظام کا افتتاح

 قومی اسمبلی میں ملک کے پہلے اے آئی پارلیمانی نظام کا افتتاح

مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے بعد قومی اسمبلی مکمل پیپر لیس بن جائے گی،ایاز صادق سپیکر سے بنگلہ دیش کے سول سرونٹس وفد کی ملاقات ، عوامی روابط پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستانی پارلیمنٹ نے محفوظ اور خودمختار مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر کے قیام کا اہم سنگ میل عبور کرلیا ۔سپیکر نے قومی اسمبلی میں ملک کے پہلے اے آئی پر مبنی پارلیمانی نظام کا افتتاح کردیا ۔اس موقع پر سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن  ادارہ جاتی کارکردگی اور شفافیت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے ۔ پیپر لیس پارلیمنٹ کے قیام کے لیے تمام اراکین قومی اسمبلی کو آئی پیڈز فراہم کیے جا چکے ہیں کیونکہ پارلیمنٹ میں روزانہ ہزاروں دستاویزات پر کام ہوتا ہے۔

مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے بعد قومی اسمبلی مکمل طور پر پیپر لیس اور ڈیجیٹل طور پر مربوط پارلیمنٹ بن جائے گی۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے اس اقدام کو پاکستان کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ علاوہ ازیں سپیکر سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں بنگلہ دیش سے آئے سول سرونٹس کے وفد نے ملاقات کی جس میں تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں