بشریٰ بی بی کی قید تنہائی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )بشریٰ بی بی کی قید تنہائی کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا۔ مبشرہ خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی کی قید تنہائی کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی،جس میں سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب اور چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بشریٰ بی بی سے فیملی کی ملاقاتیں بند ہیں، جبکہ کسی بھی عدالت نے انہیں تنہائی میں قید رکھنے کی سزا نہیں سنائی۔ تعزیراتِ پاکستان اور جیل رولز کے تحت ایسی قید غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز ہے ۔ اقوام متحدہ کے نیلسن منڈیلا رولز کے تحت بھی غیر معینہ مدت تک تنہائی میں قید رکھنا انسانی وقار کے منافی ہے ۔ وکلاء کو قانونی مشاورت اور پاور آف اٹارنی پر دستخط کروانے کے لیے ملاقات سے روکا جا رہا ہے ۔ بشریٰ بی بی کی تنہائی میں قید کو آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 کی خلاف ورزی قرار دیا جائے۔