سان ڈیاگو مسجد پر حملہ انتہائی افسوسناک سختی سے جائزہ لوں گا:ٹرمپ

 سان ڈیاگو مسجد پر حملہ انتہائی افسوسناک  سختی سے جائزہ لوں گا:ٹرمپ

واشنگٹن (اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے سان ڈیاگو کی مسجد میں فائرنگ کے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ۔ صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ انہیں ابتدائی اطلاعات موصول ہو گئی ہیں اور وہ معاملے کا سختی سے جائزہ لیں گے ۔

واضح رہے پیر کوسان ڈیاگو اسلامک سنٹر میں مسجد پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں کل 5 افراد ہلاک ہوئے ۔مسجد کے باہر 3افراد مارے گئے جن میں ایک سکیورٹی گارڈ بھی شامل تھا۔2 حملہ آور قریبی علاقے میں مردہ حالت میں پائے گئے ۔ مسجد کے امام طحہ حسن نے بتایا کہ مسجد کے عملہ، اساتذہ اور بچے محفوظ ہیں اور عبادت گاہ پر حملہ انتہائی اشتعال انگیز ہے ،نیو یارک میئر زہران ممدانی نے حملے کو مسلمانوں کیخلاف تشدد قرار دیا،کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے کہا کہ عبادت گزاروں کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے ، نفرت کے لیے ریاست میں کوئی جگہ نہیں، انہوں نے سان ڈیاگو مسلم کمیونٹی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔دوسری جانب پولیس چیف نے کہا کہ مشتبہ حملہ آوروں کی موت خود کشی سے ہوئی، پولیس کے ہتھیار استعمال نہیں ہوئے ۔ فائرنگ کرنے والوں کی شناخت 17 سالہ کین کلارک اور 18 سالہ کیلیب وازکوز کے طور پر ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق ایک مشتبہ شخص کی ماں نے حملے سے دو گھنٹے قبل اطلاع دی تھی کہ اس کا بیٹا خودکشی کے رجحان کا شکار ہے اور کئی ہتھیار غائب ہیں۔ ایک حملہ آور نے خودکش نوٹ میں نسلی تفاخر کے بارے میں لکھا اور ایک ہتھیار پر نفرت انگیز تحریر تھی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں