مہنگائی میں معمولی کمی،سالانہ شرح14.47فیصد،26اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں
آلو 0.87فیصد، ٹماٹر 7.17فیصد، پیاز 6.08فیصد، آٹا 1.84فیصد،کوکنگ آئل 0.34فیصد مہنگا 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی ،چکن 8.56، لہسن 3.53، انڈے 0.10فیصد سستے :ادارہ شماریات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ ملک میں مسلسل تین ہفتے مہنگائی میں اضافے کے بعد حالیہ ہفتے میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.33 فیصد کم ہوگئی تاہم سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح اب بھی 14.47 فیصد کی بلند سطح پر برقرار ہے ۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 14 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ آلو 0.87 فیصد، ٹماٹر 7.17 فیصد، پیاز 6.08 فیصد، آٹا 1.84 فیصد اور کوکنگ آئل 0.34 فیصد مہنگا ہوا۔اسی طرح رپورٹ کے مطابق چکن 8.56 فیصد، بجلی 6.08 فیصد، لہسن 3.53 فیصد، دال مونگ 1.45 فیصد، دال ماش 0.01 فیصد، دال چنا 0.26 فیصد، پٹرول 1.21 فیصد، ڈیزل 1.21 فیصد، ایل پی جی 0.87 فیصد، کیلے 0.18 فیصد اور انڈے 0.10 فیصد سستے ہوئے ۔ اعدادوشمار کے مطابق مختلف آمدنی والے طبقات کے لیے سالانہ مہنگائی کی شرح میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم مجموعی دباؤ برقرار ہے ۔