ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی کوریج نو زبانوں میں ہوگی

 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی کوریج نو زبانوں میں ہوگی

80 سے زائد ممالک میں تمام میچز آئی سی سی ٹی وی پر مفت دکھائے جائینگے

لاہور (سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کو دنیا کا سب سے زیادہ ڈیجیٹل طور پر منسلک اور عالمی سطح پر قابلِ رسائی ویمنز سپورٹس ایونٹ بنانے کے لیے متعدد جدید ڈیجیٹل فین انگیجمنٹ اقدامات متعارف کرائے جا رہے ہیں۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا ہے کہ ایونٹ کا مقصد شائقین کو کھیل کے مزید قریب لانا، خواتین کرکٹ کی عالمی مقبولیت میں اضافہ کرنا اور نئی نسلوں کے لیے ایک دیرپا ورثہ چھوڑنا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کو تخلیقی صلاحیتوں، تجارت، کمیونٹی اور ثقافت کے ایک جامع پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا جائے گا جہاں ہر قسم کے شائقین کے لیے منفرد تجربات دستیاب ہوں گے ۔پہلی بار ٹورنامنٹ کی کوریج آئی سی سی ٹی وی پر نو زبانوں میں دستیاب ہوگی جن میں انگریزی، ہندی، اردو، بنگالی، جاپانی، تھائی، ڈچ، مینڈارن اور باہاسا انڈونیشیا شامل ہیں۔ تمام میچز انگریزی اور ہندی میں نشر کیے جائیں گے جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچز کے لیے بالترتیب اردو اور بنگالی کمنٹری بھی فراہم کی جائے گی۔آئی سی سی کے مطابق 80 سے زائد ممالک میں تمام میچز آئی سی سی ٹی وی پر مفت دکھائے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں