بلاول کے اعصاب پر سوار ہیں :متحدہ، یہ سیاسی بوکھلاہٹ :سندھ حکومت
پیپلز پارٹی بنے منصوبوں کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہی :ترجمان ایم کیو ایم کراچی کو لسانیت کی آگ میں جھونکنے والے قصہ پارینہ بن چکے :سعدیہ جاوید،ردعمل
کراچی (آن لائن)ایم کیو ایم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ بلاول بھٹوکی تقریر سے واضح ہوا ایم کیو ایم ان کے اعصاب پر سوار ہے ۔ تباہ حال سندھ میں ایک شاہراہ کا افتتاح پیپلز پارٹی کے سیاسی دیوالیہ پن کا اعتراف ہے ،پیپلز پارٹی نجی شراکت داری سے بنے منصوبوں کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ،یونیورسٹی روڈ کو تباہ و برباد ہوئے نصف دہائی ہونے کو ہے ۔ دوسری طرف سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے ایم کیو ایم کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان بازی دراصل سیاسی مایوسی اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے ۔ اپنے بیان میں سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کا خوف ایم کیو ایم کے اعصاب پر سوار ہو چکا ،کراچی کے عوام کو لسانیت کی آگ میں جھونکنے والے اب قصہ پارینہ بن چکے ، شہری سندھ کو تباہ کرنے اور بھتہ خوری کا کلچر عام کرنے والے اپنی تاریخ نہ بھولیں، ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والے خود اپنی 18 سالہ کارکردگی کا حساب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی کے وسائل کو لوٹا ،شہر کو صرف ہڑتالیں اور خوف دیا۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ شہر کا امن تباہ کرنے والے آج کس منہ سے مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں؟ عالمی اداروں کا سندھ حکومت پر اعتماد شفافیت اور کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ایم کیو ایم اب ایک مردہ سیاسی گھوڑا ہے ، جس کا جنازہ کراچی کے عوام نکال چکے ، سندھ کا بجٹ عوام کی امانت ہے ۔