پنجاب اسمبلی:حکومتی اپوزیشن ارکان میں پھر سخت جملوں کا تبادلہ

پنجاب  اسمبلی:حکومتی  اپوزیشن  ارکان  میں  پھر  سخت  جملوں  کا  تبادلہ

اپوزیشن نے زیادہ وقت سیاسی بیانیے پر صرف کیا:عظمیٰ بخاری، کیا مومنہ اور چاہت فتح سیاسی بات کرینگے :ندیم قریشی مریم نواز کے جہاز کے تیل جتنا بجٹ ہی جنوبی پنجاب کو دیدیں:عدنان ڈوگر، کسانوں سے وعدے ادھورے :حکومتی رکن

لاہور(سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر عام بحث اتوار کو بھی جاری رہی ،اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن ارکان میں پھر سخت جملوں کا تبادلہ ،سپیکر اور پینل آف چیئرپرسن نے متعدد مواقع پر مداخلت بھی کی،جنوبی پنجاب صوبہ بھی موضوع بحث رہا ۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کے بجائے 1 گھنٹے 28 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئرپرسن ملک احمد سعید خان کی زیرصدارت شروع ہوا۔ اپوزیشن رکن اعجاز شفیع نے بجٹ پر عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ میاں اسلم اقبال، احمد بھچر، جنید ساہی، کلیم اللہ، شیخ شاہد،مرتضیٰ انصر غدار اور دہشتگرد نہیں ، اگر ممبران کو اس اسمبلی نے تحفظ نہیں دینا تو افسوس کا مقام ہے ،بجٹ \"الفاظ کا گورکھ دھندا\"ہے ،زراعت، تعلیم، ہائر ایجوکیشن، سپیشل ایجوکیشن اور صحت کے شعبوں کے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی گئی ۔ جواب میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک گھنٹے کی تقریر میں صرف پانچ منٹ بجٹ پر ، باقی وقت سیاسی بیانیے اور ذاتی شکوؤں پر صرف کیا، پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ ماحول دوست الیکٹرک بسوں کا بڑا منصوبہ شروع کیا، جنوبی پنجاب میں 125 الیکٹرک بسیں فراہم کی جا چکیں ،مزید 155 بھی فراہم کی جائیں گی ۔اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے کہا کہ اگر سیاستدان سیاسی بات نہیں کریں گے تو کیا مومنہ اقبال اور چاہت فتح علی خان کریں گے ۔ ا

س موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے مومنہ اقبال سے متعلق الفاظ کارروائی سے حذف کر دیئے ۔ ندیم قریشی نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کو اس کے حق کے مطابق وسائل نہیں مل رہے ،وہاں کے ایک شہری کیلئے صرف 2600 روپے ترقیاتی فنڈ مختص کیا گیا ۔حکومتی رکن امجد علی جاوید نے کہا کہ کسانوں سے کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے ۔اپوزیشن رکن عدنان ڈوگر نے کہا کہ مریم نواز کے گیارہ ارب روپے کے جہاز کے تیل جتنا بجٹ ہی جنوبی پنجاب کو دیدیں تو جنوبی پنجاب کی تقدیر بدل جائے گی ۔ پیپلزپارٹی کی رکن نیلم جبار نے کہا کہ اتنی مہنگائی ہوگئی کہ لوگ دو وقت کی روٹی بھی نہیں کھا سکتے ، جہاز فروخت کرکے وہ پیسہ عام آدمی کی زندگی کی بہتری پر خرچ کیا جائے ۔ واصف مظہر راں نے کہا کہ ایک طرف حکومت کہتی ہے یہ ٹیکس فری بجٹ ہے جبکہ اعداد و شمار کچھ اور کہتے ہیں،پنجاب کی عوام پر آئے روز نئے نئے تجربے کئے جا رہے ہیں ۔اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے چکوال میں سی سی ڈی فائرنگ سے کمسن بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر کہا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ سپیکر نے بھی واقعے کا نوٹس لینے کی ہدایت کی جبکہ وزیر پارلیمانی امور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے ۔ حکومتی رکن عامر شاہ نے جنوبی پنجاب کیلئے ترقیاتی فنڈز بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس آج پیر تک ملتوی کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں