حکومت کا محنت کشوں کے مزید 1لاکھ بچوں کو تعلیم دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے محنت کش طبقے کے بچوں کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مزید ایک لاکھ بچوں کو تعلیم کی سہولت دینے کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا ۔
بیان میں وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز وانسانی وسائل ترقی چودھری سالک حسین نے کہا وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق محنت کش خاندانوں کے مزید ایک لاکھ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کوئی بھی بچہ معاشی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے ۔انہوں نے کہا تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے ، کسی مخصوص طبقے کی مراعات نہیں،حکومت اس اصول پر کاربند ہے کہ محنت کشوں کے بچوں کو بھی وہی تعلیمی مواقع میسر ہوں جو معاشرے کے دیگر طبقات کو حاصل ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کو جدید، موثر اور عوام دوست ادارہ بنایا جا رہا ہے تاکہ محنت کش خاندانوں کو تعلیم سمیت دیگر فلاحی سہولتیں بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں ۔