شہدا قوم کا فخر ، قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائینگی :گورنر پنجاب
کارگل پر لازوال داستان رقم کرنیوالے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کو خراج عقیدت پی پی جمہوریت کے استحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی، کارکنوں سے خطاب
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ، ملک ہے تو ہم سیاست کر رہے ہیں، لہٰذا قومی سلامتی، جمہوریت اور آئین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کارگل محاذ پر جرات و بہادری کی لازوال داستان رقم کرنے والے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کو ان کی 27ویں برسی پر بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا پوری قوم کا فخر ہیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ 5 جولائی 1977 کو منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر جمہوریت پر شب خون مارا گیا جس کے باعث ملک کئی برس پیچھے چلا گیا ، پیپلز پارٹی جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ۔