عوام کے حقِ حکمرانی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائیگا :فیصل کنڈی
بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین، مضبوط خارجہ پالیسی عوامی حقوق کا شعور دیا
پشاور (اے پی پی، دنیا نیوز)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 5 جولائی 1977 کو پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس روز ایک منتخب عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر آئین، جمہوریت ،عوامی مینڈیٹ کو پامال کیا گیا، جاری بیان میں گورنر نے کہا کہ ہر سال \"یومِ سیاہ\" کے طور پر اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان میں جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقِ حکمرانی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا ،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین، مضبوط خارجہ پالیسی اور عوامی حقوق کا شعور دیا، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور جمہوریت کی بحالی کے لئے بے شمار قربانیاں دیں۔
گورنر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ آئین، پارلیمان اور عوامی رائے کا احترام ہی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کی ضمانت ہے ، دریں اثنا بونیر پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ مؤثر سفارتکاری اور امن سے پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط ہوا، دنیا نے جنگ بندی کے لئے پاکستان سے رابطہ کیا اور پاکستان نے عالمی امن کے فروغ کے لئے مؤثر سفارتکاری کا کردار ادا کیا، جس کے باعث آج دنیا پاکستان کو امن کا داعی اور ضامن تسلیم کر رہی ہے ، امریکا، چین، روس اور عرب ممالک پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا رہے ہیں، فیلڈ مارشل، وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔