لیوی ختم کر دیں تو تیل قیمتیں نمایاں کم ہو جائیں گی، وزیر پٹرولیم

لیوی ختم کر دیں تو تیل قیمتیں نمایاں کم ہو جائیں گی، وزیر پٹرولیم

اسلام آباد (نامہ نگار،آئی این پی)وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کر دی جائے تو تیل قیمتیں نمایاں کم ہو جائیں گی، لیوی ختم کرنے سے حکومتی آمدن کا متبادل بندوبست کرنا ہوگا، اخراجات یا تو لیوی سے پورے ہوتے ہیں یا پھر مہنگائی کا بوجھ اٹھانا پڑتا ہے۔

چیئرمین سید مصطفی محمود کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی منڈی میں ریفائن مصنوعات آج بھی جنگ سے پہلے سے مہنگی ہیں۔اجلاس میں ممبر کمیٹی نے سوال کیا کہ ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو رہا؟ اس پر وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ ایل پی جی کی قیمت پر وپین اور بیوٹین کے عالمی نرخوں پر مقرر ہوتی ہے ، ملک کی صرف 30 سے 40 فیصد ایل پی جی ضرورت مقامی پیداوار سے پوری ہوتی ہے ، جبکہ باقی ایل پی جی درآمد کی جاتی ہے ۔علی پرویز ملک کے مطابق قیمت درآمدی لاگت سے جڑی ہے ، ایل پی جی کی نیلامی عدالتی حکم امتناع کے باعث رکی ہوئی ہے ، ایل پی جی کیس پر اٹارنی جنرل کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا گیا، عدالت نے معاملہ اوگرا کو دوبارہ جائزے کیلئے بھجوا دیا، ایل پی جی قوانین پر عملدرآمد اوگرا کی ذمہ داری ہے ۔اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اوگرا کو بلا کر ان سے پوری بریفنگ لیں گے۔

اجلاس میں وزیر پٹرولیم نے یہ بھی بتایا کہ ملک کو یورو فائیو معیار کے ایندھن کی طرف لے جا رہے ہیں، ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی وفاقی کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے ، امید ہے کہ اگلے اجلاس تک یہ منظور ہو جائے گی۔ پالیسی منظوری کے بعد ریفائنری اپ گریڈیشن کا عمل شروع ہوگا، ریفائنریوں کی نااہلی کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالیں گے ، صارفین پر اضافی مالی بوجھ ختم کرنا وزیر اعظم شہباز شریف کا فیصلہ ہے ۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان اپنی پٹرول کی ضرورت کا 70 فیصد درآمد کرتا ہے ۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم علی پرویزملک نے کہا کہ عالمی منڈی میں کمی کاپورا فائدہ عوام کومنتقل کریں گے ، اوگراعالمی قیمتوں کی اوسط اورپی ایس اولاگت شامل کر کے قیمت مقرر کرتی ہے ،عوام پرایندھن کی قیمتوں کابوجھ کم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں