محسن نقوی کی وزیراعظم سے ملاقات ، گفتگوسے شدید اختلاف : رانا ثنا
ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ، سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا اسٹیبلشمنٹ نے ڈیڈ لائن نہیں دی،کابینہ میں معاملات واضح:مشیر وزیر اعظم
لاہور(اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، ملاقات میں ملکی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بتایاگیا ہے کہ یہ ملاقات لاہور میں ماڈل ٹائون میں ہوئی،ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ملکی داخلی سکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،دریں اثنا وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا یہ درست ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے محسن نقوی کو جواب دینے سے منع کر دیا ہے ، رانا ثنا اللہ نے کہامحسن نقوی کی گفتگو اور ان کا اندازِ بیان قابل اعتراض ہے اور مسلم لیگ (ن) کو اس پر شدید اختلاف ہے۔
انہوں نے کہا ملک کے نظام میں کوئی خرابی نہیں بلکہ مسئلہ اس پر عملدرآمد کا ہے ، انہوں نے کہا اگر نظام پر عمل نہ کیا جائے اور پھر یہ کہا جائے کہ نظام ناکام ہو چکا ہے تو اس سے کوئی مثبت نتیجہ حاصل نہیں ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے حکومت کو کسی قسم کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی گئی۔کابینہ کے اجلاس میں کئی معاملات واضح ہو جائیں گے اور حکومتی مؤقف بھی سامنے آ جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا اگر وزیراعظم محسن نقوی کو بلائیں گے تو وہ کیوں نہیں آئیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments