نئے صوبوں پر جلد بازی نہیں، قومی مکالمہ ضروری:ملک محمد احمد

نئے صوبوں پر جلد بازی نہیں، قومی مکالمہ ضروری:ملک محمد احمد

نواز شریف کی حالیہ گفتگو مدبرانہ اور سنجیدہ ،مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل کرنا ضروری پی پی حکومتی اتحادی ،کشمیر الیکشن پر بیانات کو انتخابی تناظر میں دیکھنا چاہئے :قائم مقام گورنر

قصور(سیاسی نمائندہ)قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر جلد بازی میں فیصلہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس حوالے سے سنجیدہ قومی مکالمہ ضروری ہے ۔ گورننس اور انتظامی نظام پر بات چیت کرنا کوئی شجرِ ممنوعہ نہیں، پاکستان میں مقامی حکومتوں کے مختلف نظام آزمائے جا چکے ہیں، بہتر گورننس کے لیے انتظامی ڈھانچے پر مکالمہ ناگزیر ہے ، صوبوں اور انتظامی  یونٹس پر بات چیت ہونی چاہیے اور نئے انتظامی یونٹس پر فیصلہ سوچ سمجھ کر ہونا چاہیے۔

نواز شریف کی حالیہ گفتگو مدبرانہ اور سنجیدہ تھی، پڑوسی ممالک کے تجربات سے بھی رہنمائی لی جا سکتی ہے ، ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج قصور میں ‘‘افیرا زبیر کیمبرج بلاک’’ کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے د وران انہوں نے کہاکہ مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل کرنا ضروری ہے ، منتخب نمائندوں کو آئینی اختیارات کے مطابق کردار ملنا چاہیے ،پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہے اور حکومت اس کے ووٹوں سے قائم ہے ، کشمیر انتخابات سے متعلق بیانات کو انتخابی تناظر میں دیکھنا چاہیے جبکہ اسی ڈسٹرکٹ پبلک سکول قصور میں ‘‘یومِ شہدائے پولیس’’ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ یومِ شہداء پر شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔

ہم سنتے آئے ہیں کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے جو سچ ہے ، بارڈر پر لڑنا ہی راہِ حق نہیں بلکہ سچ کے ساتھ کھڑا ہونا بھی راہِ حق ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان شہداء کا وال آف آنر ڈی پی او قصور کے احاطے میں ہونا چاہیے اور وہ اس وال آف آنر کے لیے مالی تعاون کریں گے چاہے جتنا بھی خرچ آئے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے وہ بچے جو پوسٹ گریجویشن کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہتے ہیں ان کے نام بھیجے جائیں، ان کے اخراجات وزیراعلیٰ پنجاب اور حکومت برداشت کرے گی۔ تقریب کے دوران شہداء پر خصوصی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی جبکہ شہید کانسٹیبل کی بیٹی ایمان فاطمہ نے جذباتی خطاب کیا اور گفتگو کے دوران آبدیدہ ہو گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...