’’لاجزسے مرغیوں کاڈربابہتر، سینیٹ کمیٹی میں کاکروچ پارٹی کا چرچا‘‘
ہاؤس کمیٹی اجلاس میں متعلقہ وزارتوں،سی ڈی اے حکام کی عدم شرکت پر اظہاربرہمی
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر داخلہ محسن نقوی کے بعد سینیٹ کمیٹی میں بھی ‘‘کاکروچ پارٹی’’ کے چرچے ہوئے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی زیرِ صدارت سینیٹ ہاؤس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کاکروچ پارٹی کا ذکر کیا گیا۔ سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں چوہے اور کاکروچ ہوتے ہیں، ایسا نہ ہو کہ یہاں بھی کاکروچ پارٹی بن جائے ۔سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ مرغیوں کا دڑبا بھی ہمارے لاجز سے بہتر ہے ۔ اس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سی ڈی اے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فرانزک آڈٹ کی رپورٹ مانگی تھی۔
سی ڈی اے حکام نے اجلاس میں بتایا کہ چیئر مین سی ڈی اے کی فیملی میں وفات ہوگئی ہے وہ آج نہیں آ سکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاجز میں دن رات کام ہو رہا ہے ، فرنیچر بھی پائپ لائن میں ہے جلد آ جائے گا۔ کمیٹی نے متعلقہ وزارتوں اور سی ڈی اے کے سینئر حکام کی عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ اس طرزِ عمل سے پارلیمانی نگرانی کے عمل کو سنجیدگی سے نہ لینے کا تاثر ملتا ہے ۔ کمیٹی نے اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لیا۔اجلاس میں معائنہ کمیٹی نے 104 نئے پارلیمنٹ لاجز کی تعمیر سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی۔ کنوینر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ تعمیراتی کام میں نمایاں پیش رفت کے دعوؤں کے برعکس دورئہ معائنہ کے دوران منصوبے کا صرف تقریباً 20 فیصد حصہ ہی عملی طور پر مکمل پایا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments