معاہدے پر دستخط خانہ کعبہ کی حدود میں کیے گئے :عطا تارڑ
اسلامی دنیا کے اتحاد کی شروعات:خواجہ آصف،امن کا عزم مضبوط ہوگا:احسن اقبال کامیاب سفارت کاری ، مؤثر خارجہ پالیسی کا ایک اور شاندار سنگِ میل:حنیف عباسی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ الحمد للہ، تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہو گئے ،مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط خانہ کعبہ کی حدود میں کئے گئے ، یہ معاہدہ ہر پاکستانی کی کامیابی ہے ۔وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا اسرائیل کے تناظر میں سارے مسلم ممالک کو اکٹھا ہونا چاہیے ،پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تینوں ممالک کو دہشتگردی کا سامنا ہے ، تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کی جو بھی تفصیلات ہیں وہ ضرور عوام کے سامنے آئیں گی۔یہ معاہدہ اسلامی دنیا کے اتحاد کی شروعات ہے ، مسلم ممالک کے باہمی اختلافات بھی اس پلیٹ فارم پر آنے چاہئیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کی دفاعی سفارت کاری نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے ، یہ دفاعی تعاون خطے میں اجتماعی سلامتی اور امن کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری اور مؤثر خارجہ پالیسی کا ایک اور شاندار سنگِ میل ہے ۔یہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے ۔پاکستان برادر اسلامی ممالک کے ساتھ اتحاد، مشترکہ دفاع، علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments