او آئی سی ،بحرین کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

او آئی سی ،بحرین کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم

معاہدہ اسلامی دنیا میں امن و استحکام کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل :حسین طہٰ سعودی عرب کی سلامتی بحرین کی اپنی سلامتی کے لیے ناگزیر:دفترخارجہ

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)اسلامی تعاون تنظیم اور بحرین نے پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اہم سٹریٹجک اقدام کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔انہوں نے تینوں ممالک کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت یہ تاریخی معاہدہ ممکن ہوا۔سیکرٹری جنرل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ معاہدہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن و استحکام کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا یہ معاہدہ خطے اور پوری مسلم دنیا میں سلامتی اور استحکام کی حمایت کیلئے ایک بنیادی ستون کی تشکیل کرتا ہے ، یہ معاہدہ بڑھتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور رکن ممالک کے درمیان یکجہتی و تعمیری شراکت داری کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے ۔دریں اثنا بحرین کی وزارت خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو وسیع علاقائی دفاعی نظام میں ایک اہم اضافہ قرار دیا ہے۔

بحرین وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاہدہ علاقائی سلامتی و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کے حوالے سے تینوں ممالک کے قائم شدہ ریکارڈ کی عکاسی کرتا ہے ۔بحرین کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ دفاعی معاہدہ خلیج تعاون کونسل کے اجتماعی دفاعی نظام کو یکجہتی اور سٹریٹجک انضمام کے ذریعے مزید مضبوط اور موثر بناتا ہے ، سعودی عرب کی سلامتی بحرین کی اپنی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے ، تمام اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہیں جو قومی خودمختاری کا تحفظ کریں، بحرین علاقائی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانے اور علاقائی مسائل کے سیاسی حل کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...