صنعت کاروں کو جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی:احسن اقبال
سیالکوٹ کو ڈو یژن کا درجہ ملنا چاہیے ،ایکسپورٹس کو بڑھانا ناگزیر :خطاب وفاقی وزیر کاکیپٹن حمزہ شہید کے گھر جا کر شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت
سیالکوٹ ،چک امرو (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات قائم ہیں اور جلد ہی دونوں ممالک ان تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائیں گے ،سیالکوٹ کو ڈو یژن کا درجہ ملنا چاہیے ،آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)کے ذریعے معاشی اور صنعتی ضابطے تبدیل ہو رہے ہیں، پاکستانی صنعت کاروں کو وقت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی ۔وہ جرمن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔احسن اقبال نے سیالکوٹ کے فیفا ورلڈ کپ کیلئے تیار کردہ فٹبال کی عالمی کامیابی کا ذکر کرتے کہا کہ حکومتی سطح پر بہتر PR اور تشہیر کے ذریعے عالمی توجہ مزید حاصل کی جا سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملکی معاشی حالات انتہائی سخت تھے لیکن 2026 میں ہمارا ملک اپنے قدموں پر کھڑا ہے ، صرف پالیسیوں میں تسلسل کی کمی کی وجہ سے دوسرے ممالک ہم سے آگے نکل گئے ،تجارتی خسارے سے نمٹنے اور آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کیلئے معاشی خودمختاری اور ایکسپورٹس کو بڑھانا ناگزیر ہے ، پاکستان میں 200 بلین ڈالر کمانے کی صلاحیت موجود ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی سالانہ 40 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں، ملک میں موجود 26 کروڑ عوام بھی 40 ارب ڈالر کما رہے ہیں ،حکومت برآمد کنندگان کے راستے میں حائل تمام مسائل حل کرے گی، وزیراعظم جلد ایک ایکسپورٹ کونسل تشکیل دیں گے جو بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر صنعت کی سرپرستی کرے گی۔دریں اثناء وفاقی وزیر احسن اقبال نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ایم این اے انوار الحق چودھری ،ایم پی اے رانا منان ،ایم ایل اے اکمل سرگالہ ودیگر کے ہمراہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید کے گھر پنڈی سینیاں جا کر شہید کے والد اور دیگر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔احسن اقبال نے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا کہ جس دھرتی میں کیپٹن حمزہ جیسے بہادر سپوت اور ان کے والد جیسے بہادر باپ موجود ہوں، اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مضبوط معیشت میں ڈھالنے کے لیے ملک میں امن، استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے ،دشمن پاکستان کے اندر انتشار پیدا کرکے معاشی استحکام کے سفر کو متاثر کرنا چاہتا ہے ،ہم ان تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments