مال بردار گاڑیوں کی ہڑتال، صنعتوں کوخام مال سپلائی متاثر
صورتحال برقرار رہنے کی صورت صنعتوں کا پیداواری عمل معطل ہونے کا خدشہ ملکی صنعت اور معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، صدر سائٹ ایسوسی ایشن
کراچی (بزنس ڈیسک)مال بردار گاڑیوں کی ہڑتال کے باعث صنعتوں کو خام مال کی سپلائی متاثر ہونے لگی، جس سے صنعتی سرگرمیاں معطل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، اور سپلائی چین وبرآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل بھی ممکن نہیں ہو سکے گی۔ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرحمان فدا نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے صنعتوں کیلئے صورتحال انتہائی مشکل ہوسکتی ہے ، کیونکہ صنعتی پیداوار کا پورا نظام خام مال کی بروقت فراہمی اور تیار مصنوعات کی مقررہ وقت پر ترسیل سے منسلک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیکٹریوں کو مطلوبہ خام مال وقت پر نہیں ملے گا تو پیداواری عمل متاثر ہوگا جبکہ تیار مال کی ترسیل میں تاخیر سے صنعت کاروں کو مزید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا، پاکستان کی صنعتیں خصوصاً برآمدی سیکٹر پہلے ہی مختلف چیلنجز کا سامنا کررہا ہے۔
ایسے میں ٹرانسپورٹ کا بحران صنعتوں کیلئے ایک اضافی اور ناقابل برداشت بوجھ ہوسکتا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ اگر تیار مصنوعات بروقت کسٹمر تک نہ پہنچیں تو بعض اوقات خریدار اضافی کلیمز عائد کرتے ہیں اور بعض صورتوں میں قیمت کم کرنے یا نقصان کی تلافی کا مطالبہ بھی کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کیلئے خام مال کی سپلائی کا مسلسل جاری رہنا انتہائی ضروری ہے ، اگر خام مال کی ترسیل رکتی ہے تو پوری سپلائی چین متاثر ہوتی ہے اور فیکٹریوں میں پیداواری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ عبدالرحمان فدا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز سے معاملات طے کئے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments