نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں ، عبدالعلیم خان
ہزارہ ، جنوبی پنجاب ، بہاولپور صوبے وقت کی ضرورت، مسائل حل ہونگے سیاستدانوں کو چودھراہٹ بچانے کے بجا ئے اونرشپ لینا ہو گی ،صدر آئی پی پی
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے ہزارہ صوبے کے قیام کی حمایت کرتے ہو ئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کی تشکیل چاہتے ہیں ،خیبرپختونخوا اسمبلی میں 2010 سے ہزارہ صوبے کے لئے آوازیں بلند ہو رہی ہیں ، خوشی ہے کہ خیبرپختونخوا کی اہم سیاسی جماعتیں ہزارہ صوبے کا قیام چاہتی ہیں ،انہوں نے کہا استحکام پاکستان پارٹی ہزارہ صوبے کے مطالبے کے ساتھ ہے ۔ پنجاب اور سندھ میں بھی کے پی کے کی طرح نئے صوبوں کے لئے آوازیں بلند ہو رہی ہیں ، آبادی میں بے تحاشا اضافے کے باعث نئے صوبے وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔
جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام کی بھی حمایت کرتے ہیں ، نئے صوبوں کی تشکیل سے لوگوں کے مسائل حل ہونگے ، یہ قومی مسئلہ ہے ، نئے صوبوں کو مصلحت یاسیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے ، چاروں صوبوں کو چار چار انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے میں کوئی حرج نہیں ،ملکی مفاد میں مثبت تجویز کسی بھی پلیٹ فارم سے آئے ، خوش آمدید کہیں گے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حالات ملک بھر میں نئے \"ورکنگ آرڈر\" کے متقاضی ہیں ۔ استحکام پاکستان پارٹی ہر فورم پر نئے صوبوں کی تشکیل کے لئے آواز اٹھاتی رہے گی، سیاستدان ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے نئے صوبوں کی اونرشپ لیں، اپنی چودھراہٹ بچانے کے بجائے عوام کے مسائل کا سوچنا ہو گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments