تیز بارش ، خواجہ آصف کی سوئمنگ کا تذکرہ ، پارلیمنٹ میں قہقہے
عطاالرحمن خواجہ آصف کا ہاتھ تھامے اپنے چیمبر میں لے گئے ، گپ شپ ہم مولانا کے معترف :خواجہ آصف ، آج کل ہم پی ٹی آئی کیساتھ :عطاالرحمن سیاسی مفاہمت ضروری ، وزیراعظم سے متعلق ہاتھ ہو لا ر کھنے کی اپیل
اسلام آباد (سہیل خان) پارلیمنٹ ہاؤس میں حکمران اتحاد اور اپوزیشن کے ارکان کے درمیان ملاقات کے دوران خوشگوار ماحول دیکھنے میں آیا اور دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے بعد سینیٹر مولانا عطاالرحمن، خواجہ آصف کا ہاتھ تھام کر انہیں اپنے چیمبر میں لے گئے ۔ اس دوران جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور دیگر جے یو آئی ارکان بھی چیمبر میں پہنچ گئے ۔ خواجہ آصف کے ہمراہ ناصر بٹ اور آغا رفیع اللہ بھی تھے ۔جیسے ہی ارکان چہل قدمی کرتے ہوئے چیمبر میں داخل ہوئے ، تیز بارش شروع ہوگئی۔ خوشگوار ماحول میں گزشتہ دنوں خواجہ محمد آصف کے نہر میں تیراکی کے لیے چھلانگ لگانے کا تذکرہ ہوا تو ارکان کے قہقہے بلند ہوگئے ۔ ارکان نے خواجہ آصف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اتنی بلندی سے نہر میں چھلانگ لگائی۔
جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں بہترین تیراکی آتی ہے اور وہ اچھے تیراک ہیں۔خواجہ آصف جب مولانا عطاالرحمن کے چیمبر سے جانے لگے تو مولانا نے ان کا ہاتھ پکڑ لیا اور کہا کہ خواجہ صاحب، باہر نہ جائیں، بھیگ جائیں گے ، بارش ہو رہی ہے ۔ خواجہ آصف نے جواب دیا کہ مولانا صاحب، میں نے پیدل تھوڑی ہی جانا ہے ، گاڑی پر جانا ہے ۔اس دوران بیٹھک میں کہا گیا کہ ہم تو مولانا کے معترف ہیں اور ان سے رہنمائی لیتے ہیں، جس پر مولانا عطاالرحمن نے کہا کہ آپ کو معلوم ہوگا کہ آج کل ہم پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ملاقات میں حکمران اتحاد اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی مفاہمت کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم سے متعلق بھی ہاتھ ہولا رکھنے کی اپیل کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments