پمز جیسے سانحات رکیں گے نہ احتساب ہوگا:نجم سیٹھی
سیاستدان کاروبار کرنے آتے ہیں، مصطفی کمال استعفیٰ نہیں دیں گے :سینئر تجزیہ کار عمران ڈیل چاہتے نہ اسٹیبلشمنٹ:پروگرام ‘‘آج کی بات سیٹھی کیساتھ’’ میں گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال میں پیش آنے والے دلخراش واقعے جیسے سانحات نہ رکیں گے اور نہ کسی کا احتساب ہوگا، ماضی میں بھی ایسا ہوتا آیا ہے اور آئندہ بھی یہی ہوگا۔ دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘آج کی بات سیٹھی کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ سیاستدان عوامی خدمت کیلئے نہیں بلکہ کاروبار کرنے آتے ہیں۔ جو لوگ پبلک سروس کیلئے آئے تھے ، اب وہ ایگزیکٹو ہیں اور سیاستدان انہیں جو کہتے ہیں، وہ ویسے ہی کرتے ہیں۔نجم سیٹھی نے کہا یہ تصور کرنا کہ کوئی وزیر مستعفی ہوجائے گا، درست نہیں، پہلے بھی کوئی وزیر مستعفی نہیں ہوا اور اب بھی نہیں ہوگا۔ موجودہ صورتحال میں وزیراعظم پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ مصطفیٰ کمال کی چھٹی کرائی جائے ، لیکن وہ استعفیٰ نہیں دیں گے ۔ وزیراعظم اب کیا کریں گے ؟ کیا وہ ایم کیو ایم، جس کے ساتھ ڈیل ہوئی ہے۔
اسے حکومت سے نکال دیں گے ؟ ایسا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا عمران خان کے کیس کا پمز واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ اب تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ کوئی بھی عمران خان کو پمز لے جانے پر آمادہ ہو۔ میرے خیال میں حکومت اپنا کیس ہار گئی ہے ، اگر حکومت میں تھوڑی سی عقل ہے تو عمران خان کو خود ہسپتال منتقل کردے ۔ اگر حکومت عمران خان کو شفا منتقل کردے گی تو دائر کی گئی ساری پٹیشنز فارغ ہوجائیں گی۔نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے لانگ مارچ میں 20لاکھ تو دور کی بات، 20ہزار افراد لے آئیں تو بڑی بات ہوگی۔ انہیں بتا دیا گیا ہے کہ یہ نہیں ہوگا اور یہی ڈیل ہے ۔ یہ عمران خان والی ڈیل نہیں، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ عمران خان نہ کوئی ڈیل کرنا چاہتے ہیں اور نہ اسٹیبلشمنٹ ڈیل کرنا چاہتی ہے ۔ حکومت کی کوشش یہی ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں واپس آجائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments