پمز آتشزدگی:وزارت قومی صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
ہسپتالوں کی نگرانی کیلئے 7افسران کے ٹیکنیکل ونگ کے باوجود سب اچھا نہیں بھاری تنخواہوں ،مراعات کے باوجود سانحہ پمز نے کارکردگی کا پول کھول دیا
اسلام آباد (ایس ایم زمان ) پمز آتشزدگی واقعہ وزارت قومی صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ، صرف مرکزی وزارت قومی صحت سیکرٹریٹ کا رواں مالی سال 2027-2026 کا بجٹ چار ارب 55کروڑ ہے ، وزارت قومی صحت میں ہسپتالوں کی نگرانی کے لئے گریڈ 17 تا 20 کے سات افسران پر مشتمل الگ ٹیکنیکل ونگ قائم کر رکھا ہے ، وزارت قومی صحت کے ٹیکنیکل ونگ کے انچارج گریڈ 20 کے جوائنٹ سیکر ٹر ی ہسپتال ہیں، جوائنٹ سیکرٹری ہسپتال کے ماتحت گریڈ 19 کے دو ڈپٹی سیکرٹری، گریڈ 17اور 18کے 4سیکشن افسر کام کرتے ہیں، مذکورہ افسران کے ماتحت ملازمین کی تعداد الگ ،وفاقی حکومت کے زیر انتظام اسلام آباد میں چار بڑے ہسپتال، لاہور میں شیخ زید ہسپتال، راولپنڈی ٹی بی ہسپتال سمیت 25 ماتحت محکموں کے لئے وفاقی وزیر، وزیر مملکت، پارلیمانی سیکرٹری گریڈ 22کے وفاقی سیکرٹری ،گریڈ 22کے سپیشل سیکر ٹری، گریڈ 21 کے ایڈیشنل سیکرٹری ہیں، وفاقی وزیر اور وزیر مملکت کی ماہانہ تنخواہ 9لاکھ روپے ،سرکاری گاڑی اور ماہانہ 300لٹر سے ز ائد مفت پٹرول کی مراعات ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری کو بھی تقریبا 5لاکھ روپے سے زیادہ ماہانہ تنخواہ ،سرکاری گاڑی کی سہولت میسر ہے ، وفاقی سیکرٹری اور سپیشل سیکر ٹر ی کی ماہانہ تنخواہ پانچ لاکھ روپے سے زیادہ اور سرکاری گاڑی اور مفت پٹرول کی مراعات دستیاب ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری کی ماہانہ تنخواہ 4لاکھ روپے سے زائد اور سرکاری امور کے لئے اجلاس و دیگر تقریبات میں شرکت کے لئے سرکاری گاڑی کی سہولت دی جاتی ہے ، جوائنٹ سیکرٹری ہسپتال کو بھی ماہانہ چار لاکھ روپے تنخواہ کے علاوہ آمد و رفت کے لئے سرکاری گاڑی دی جاتی ہے ، تاہم پمز سمیت وفاقی ہسپتالوں میں سب اچھا نہیں ہے ، وفاقی وزارت قومی صحت سیکر ٹر یٹ کا رواں مالی سال بجٹ چار ارب 55 کروڑ روپے سے زیادہ ہے ،جبکہ ماتحت ہسپتالوں و محکموں سمیت مجموعی بجٹ 30 ارب روپے سے ز ائد ہے ۔وزارت قومی صحت کے ماتحت محکموں کے سربراہ عارضی چارج پر کام کر رہے ہیں ان میں پولی کلینک ، قومی ادارہ صحت، ٹی بی ہسپتال، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی، نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی رسپانس، انسداد پولیو پروگرام، کامن مینجمنٹ یونٹ برائے انسداد ملیریا، ٹی بی اور ایڈز، شامل ہیں، پمز آتشزدگی واقعہ نے انتظامی افسران کے ساتھ وزارت قومی صحت کے ٹیکنیکل ونگ کی کارکردگی کا پول بھی کھول دیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments