عمران ہسپتال منتقلی، توہین عدالت کی جلد سماعت کی استدعا پھر مسترد
سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد، معائنہ و علاج کیلئے شفا ہسپتال منتقل کیا جائے :عظمیٰ خان
اسلام آباد (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے حوالے سے عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا پھر مسترد کر دی۔ عظمیٰ خان نے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ توہین عدالت کی درخواست فوری سماعت کیلئے مقرر کی جائے اور ممکن ہو تو رواں یا آئندہ ہفتے سماعت کی جائے ۔ سپریم کورٹ نے دو ہفتے قبل بانی پی ٹی آئی کو اسلام آباد کے نجی ہسپتال شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
درخواست گزار کے مطابق فوری سماعت سے متعلق پہلی درخواست سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے مسترد کر دی تھی اور دوبارہ عدالت سے رجوع کیا گیا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں طبیعت خراب ہو رہی ہے ، 18 اگست کے حکم پر عملدرآمد کر کے طبی معائنے اور علاج کیلئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے ۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا مرکزی کیس 16 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کیا ہے ، توہین عدالت کی درخواست پر سماعت بھی 16 ستمبر کو ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments