عمران سے اہم شخصیات کی ملاقاتیں، افواہ خبر بن گئی:نجم سیٹھی

عمران سے اہم شخصیات کی ملاقاتیں، افواہ خبر بن گئی:نجم سیٹھی

عدالت ڈی چوک پر احتجاج ، لانگ مارچ کی اجازت نہیں دیگی:سینئر تجزیہ کار پی ٹی آئی دباؤ بڑھانے میں کامیاب:پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پہلے افواہ تھی اب خبر بنتی جارہی ہے کہ عمران خان کے ساتھ کچھ لوگوں کی ملاقاتیں ہوئی ہیں یا ہورہی ہیں،پہلے قیاس آرائیاں تھیں ، پھر کچھ اہم لوگوں نے ہاں میں ہاں بھری، ایک ریٹائرڈ جنرل نے کہا مجھے پتا ہے لیکن بتا نہیں سکتا،ہاں بات چیت ہورہی ہے ۔ ایک دو رپورٹر ز کہہ رہے ہیں کہ ہائی لیول کے ایک دو لوگ عمران خان سے ملے ہیں۔ دنیا نیوز کے پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘  میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ دوسری طرف سب کو اس کا علم ہے جو کسی نے انکار نہیں کیا، محسن نقوی کی کچھ کوششیں رہی ہیں ، بیرسٹر گوہر اور محسن نقوی کے درمیان کچھ بات چلی ہے ، اس کی تصدیق بیرسٹر گوہر نے خودبھی کی ہے ، اس وجہ سے پی ٹی آئی والوں نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا کہ 27 ستمبر کو احتجاج ہوگا یا نہیں ہو گا، ابھی تک اس بارے واضح نہیں بتایا جارہا کیونکہ انہیں عدالت کے فیصلہ کا انتظار ہے ، میرا خیال ہے پی ٹی آئی کو احتجاج کرنے کی اجازت دیدی جائیگی ، تاہم عدالت ڈی چوک پر احتجاج اور لانگ مارچ کی اجازت نہیں دے گی۔

نجم سیٹھی نے کہا ایک بات ماننا پڑے گی کہ تحریک انصاف عالمی سطح پر عمران خان کی صحت اور قید تنہائی سے متعلق مہم چلانے میں کامیاب ہو گئی اور اس پریشر کی وجہ سے کچھ فیصلے ہوئے ہوں گے ، اگر تحریک انصاف احتجاج کرنے اسلام آباد آتی ہے تو انہیں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا جماعت اسلامی کافی عرصہ سے احتجا ج کررہی ہے ،ان کااہم پوائنٹ یہ ہے کہ پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کم کرو، یہ مطالبات تو اہم ہیں مگرحکومت ریلیف نہیں دے گی ،پہلی بات یہ ہے کہ آئی ایم ایف اس کی اجازت نہیں دیتا،اس ایشو پر جماعت اسلامی نے سیاسی طورپر اچھی چال چلی ہے ،جماعت اسلامی اپنا ہی احتجاج جاری رکھے گی، تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ملے گی ،اب وزیر اعظم شہبازشریف نے پٹرول ریلیف فراہمی کا اعلان کردیا ،اب حکومت جماعت اسلامی کو یہی کہے گی ہم نے آپ کے کہنے پر ریلیف دیا ہے ، ادھر جماعت اسلامی کہے گی کہ چلو ہم کو کچھ تو ملا ،حکومت نے جو ریلیف دیا اس کا کوئی خاص فائدہ عوام کو نہیں ملا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...