بلدیاتی الیکشن کیلئے 2ارب، ریلوے کیلئے 10ارب منظور
ای سی سی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کیلئے 8ارب کی منظوری دیدی
اسلام آباد (اے پی پی ) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں 17نکاتی ایجنڈے پر غور کرتے ہوئے مختلف وزارتوں اور اداروں کیلئے اربوں روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔اجلاس میں چھوٹے کاروبار اور چھوٹے کاشتکاروں کیلئے رسک کوریج سکیمز کے تحت ایجنسی فنانشل اداروں کیلئے وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے فنانسنگ فریم ورک کی منظوری دی گئی۔ سستے ہاؤسنگ فنانس کیلئے کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ فنڈ کی دوسری ضمنی ٹرسٹ ڈیڈ بھی منظور کی گئی۔ای سی سی نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کیلئے 2 ارب روپے ، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کیلئے 11.329 ارب روپے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کیلئے 8 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس منظور کیں۔
پاکستان ریلوے کیلئے تھر کول ریل کنیکٹیویٹی منصوبے کی مد میں 10 ارب روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کیلئے 596.18 ملین روپے کی رقم اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات، سندھ اور بلوچستان کے بلدیاتی ضمنی انتخابات اور پنجاب میں حلقہ بندیوں سے متعلق سرگرمیوں کیلئے دوبارہ مختص اور تصدیق شدہ فنڈز کی مد میں منظور کی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری اور پاکستان بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے غیر حساس انتخابی سامان کی خریداری کیلئے 17.873 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز کے تحت فوری طور پر 2 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے وزیراعظم آفس اور سٹاف کالونی کی مرمت کیلئے 300 ملین روپے جبکہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کیلئے COP31، انطالیہ میں شرکت کیلئے 150 ملین روپے منظور کیے گئے ۔
پاکستان سپورٹس اینڈومنٹ فنڈ کیلئے 934.481 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔چین میں 1000 زرعی ماہرین کی تربیت کیلئے 1666.176 ملین روپے مختص کیے گئے ۔ اجلاس میں تمباکو کی 2026 کی کم از کم قیمتوں اور 2026-27 کیلئے سیس میں نظرثانی کی بھی منظوری دی گئی۔PASSCO کے صوبوں سے قابل وصول واجبات کی ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ مؤخر کردیا گیا جبکہ مقامی طور پر تیار کردہ ٹائروں پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی سے متعلق ترمیم بھی منظور کی گئی۔پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کیلئے ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کی مد میں 4 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے وسائل کو حکومتی سکیورٹیز میں منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments