پی ٹی آئی مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھ کر واپس گھر جائے :خواجہ آصف
بھول جائیں گن پوائنٹ پر یہ اپنے مطالبات ہم سے منوائیں گے :وزیر دفاع محمود خان اچکزئی کو ضرور کہوں گا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دباؤ میں آ کر پی ٹی آئی کو ریلیف نہیں دیں گے ، اگر یہ بلیک میلنگ کریں گے تو مستقبل میں بانی کیلئے کوئی ریلیف نظر نہیں آرہا، مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھ کر واپس گھر جائیں اپنے صوبے کا خیال رکھیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا یہ پی ٹی آئی کی خوش فہمی ہے کہ لانگ مارچ کرکے حکومت کو بلیک میل کرسکے گی ، واپس گھر جائیں اور پختونخوا میں دہشت گردوں کی حمایت اور فنانسنگ بند کریں۔
دہشتگرد پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دندناتے پھرتے ہیں، صوبائی حکومت کی ان اضلاع میں رٹ نہیں ، یہ پاکستان کے خلاف بددیانتی کی حد ہے ، ان کے الحاق یا منصوبہ بندی کا سب کو معلوم ہو رہا ہے ۔ انہوں نے جس طرح کہا سومنات پر حملہ، یہ ان کے دل کے جذبات کا اظہار تھا، حکومت ان کو پریشر میں آکر کوئی ریلیف نہیں دے گی۔ وزیر دفاع نے کہا بھول جائیں کہ گن پوائنٹ پر یہ اپنے مطالبات ہم سے منوائیں گے ،رات محمود اچکزئی کا بیان دیکھا کہ نواز شریف مری والے گھر بلالیں تو میں چلا جاؤں گا، میں محمود خان اچکزئی کو ضرور کہوں گا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments