نیب شخصیات کے بجائے بد عنوانی کو ہدف بناتا ہے :چیئرمین

 نیب شخصیات کے بجائے بد عنوانی کو ہدف بناتا ہے :چیئرمین

افسر ذمہ داریاں اعلیٰ اخلاقی اقدار کے مطابق ادا کریں:لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد تیسری سہ ماہی میں 4280متاثرین کو 90کروڑ 84لاکھ واپس کردئیے :بریفنگ

 اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد نے کہا ہے کہ مؤثر عوامی انتظامیہ کیلئے دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت،  شفافیت اور جوابدہی بنیادی ستون ہیں، سرکاری افسران اپنی ذمہ داریاں اعلیٰ اخلاقی اقدار کے مطابق ادا کریں۔ نیب ترجمان کے مطابق انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد کے 40ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے 17 رکنی وفد سے نیب ہیڈکوارٹرز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب شخصیات کے بجائے سرکاری منصوبوں میں بدعنوانی کے طریقہ کار اور سرگرمیوں کو ہدف بناتا ہے ،ملزمان کی عزت نفس اور بنیادی انسانی حقوق کا احترام یقینی بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کی سہولت کیلئے احتساب سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈی جی آپریشنز نیب احمد مجید اولکھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2026 کی تیسری سہ ماہی میں 9.18 کھرب روپے جبکہ مارچ 2023 سے ستمبر 2026 تک مجموعی طور پر 26.1کھرب روپے کی ریکوری کی گئی۔ تیسری سہ ماہی میں 4280 متاثرین کو 90کروڑ 84لاکھ روپے واپس کیے گئے ۔ انہوں نے سرکاری اراضی کی واگزاری، ادارہ جاتی اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے آگاہ کیا۔ تحقیقات اور شکایات کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام ’’نیب آئی‘‘بھی متعارف کرایا گیا ہے ۔ شاہانہ بتول کی سربراہی میں وفد نے نیب کی کارکردگی اور اصلاحات سے متعلق بریفنگ کو مفید قرار دیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...