فلو ویکسین وافر، 2برانڈز کی عدم دستیابی قلت نہیں:مصطفی کمال
قیمتوں میں اضافے کی منظوری نہ ملنے پر امریکی، جرمن کمپنیوں نے ویکسین درآمد نہیں کی ادویات قیمت تعین کابینہ کا اختیار، 52ادویات کا معاملہ آئندہ اجلاس میں آئیگا، دنیا نیوز سے گفتگو
اسلام آباد (فوزیہ علی)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے ملک میں فلو ویکسین کی قلت کا تاثر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فلو ویکسین کی کوئی کمی نہیں، مارکیٹ میں 2 برانڈز کی ویکسین دستیاب ہیں، مزید کھیپ بھی پہنچ رہی ہیں، مخصوص برانڈز کی ویکسین کی عدم دستیابی کو قلت نہیں کہا جا سکتا۔ دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں مصطفی کمال نے کہا کہ اس وقت مارکیٹ میں 2 برانڈز کی ویکسین دستیاب ہیں۔ آئندہ دو روز میں فلو ویکسین کی ایک کھیپ پہنچنے کی توقع ہے جبکہ اگلے چار ہفتوں میں تقریباً 2 لاکھ 83 ہزار خوراکوں کی ایک بڑی کھیپ بھی پاکستان پہنچے گی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ فلو ویکسین کے 4 برانڈز ہیں جن میں ایک امریکی، ایک جرمن اور دو چینی برانڈز شامل ہیں۔
امریکی اور جرمن کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کیلئے ہارڈ شپ کیسز دائر کئے تھے تاہم حکومت کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی منظوری نہ ملنے کے باعث ان کمپنیوں نے اس مرتبہ ویکسین درآمد نہیں کی۔ مصطفی کمال نے واضح کیا کہ مخصوص برانڈز کی عدم دستیابی کو ویکسین کی مجموعی قلت نہیں کہا جا سکتا کیونکہ اسی مرض سے بچاؤ کیلئے متبادل برانڈز کی ویکسین مارکیٹ میں موجود ہے ۔مصطفی کمال نے بتایا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی اختیار وفاقی کابینہ کے پاس ہے ۔ اس مقصد کیلئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں 5 وزراء پر مشتمل کمیٹی قائم ہے جو اپنی سفارشات کابینہ کو پیش کرتی ہے ۔ وفاقی وزیر کے مطابق 52 ادویات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق کیسز پر کمیٹی نے تقریباً منظوری دے دی اور یہ معاملہ آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments