عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قید تنہائی سے نکالنے کا مطالبہ

 عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قید تنہائی سے نکالنے کا مطالبہ

مبینہ غیر انسانی سلوک سے دونوں کی صحت،فلاح سے متعلق تشویش میں اضافہ ہو رہا پی ٹی آئی کے پی کا اہلِخانہ سے ملاقاتوں ،عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے پرتحفظات کا اظہار

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی خیبر پختونخوا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت، اہلِ خانہ سے ملاقاتوں پر پابندی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔پی ٹی آئی خیبر پختونخوا سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مسلسل تنہائی میں رکھنے ، اہلِ خانہ اور قریبی افراد سے ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالنے اور مبینہ غیر انسانی سلوک کے باعث ان کی صحت اور فلاح سے متعلق تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ پارٹی نے حکومت، جیل انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو دونوں کی صحت، سلامتی اور عزتِ نفس کا ذمہ دار قرار دیا ہے ۔بیان کے مطابق دو نومبر کو بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد اہلِ خانہ اور پارٹی قیادت نے عمران خان کے بلند فشارِ خون اور بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جبکہ بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔

پارٹی کا کہنا ہے کہ دونوں کو فوری طور پر ماہر ڈاکٹروں سے معائنہ اور علاج کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے ۔ پارٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ طبی سفارشات اور عدالتی احکامات کے باوجود دونوں کو تنہائی میں رکھنا اور اہلِ خانہ سے مناسب رابطے سے محروم کرنا غیر انسانی سلوک اور نفسیاتی اذیت کے مترادف ہے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ اگر کسی قسم کی غفلت، رکاوٹ یا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔پی ٹی آئی خیبر پختونخوا نے عدلیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے ، کیونکہ عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی ساکھ اور عوامی اعتماد متاثر ہو سکتا ہے ۔ بیان کے مطابق قیدیوں کی جان، صحت اور انسانی وقار کسی سیاسی رعایت کا نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے ، جن کے تحفظ کی ذمہ داری ریاستی اداروں پر عائد ہوتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...