ہماری پالیسی اسلام آباد سے آئیگی، افغانستان سے نہیں:فیصل کنڈی
ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں جنگ ہوگی :خطاب گورنر پختونخوا کی وفاقی وزیر طارق فضل سے ملاقات ،مختلف امور پر مشاورت
پشاور،اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہماری پالیسی اسلام آباد سے آئے گی، جلال آباد یا قندھار سے فیصلے نہیں آئے گی ، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں بلکہ جنگ ہوگی اورفتح کے سوا کوئی آپشن نہیں،خیبر پختونخوا کا تشخص صرف دہشتگردی اور انتہا پسندی تک محدود نہیں، صوبے کا نرم اور مثبت تشخص دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے سپورٹس کمپلیکس میں تین روزہ پاکستان ٹورازم فیسٹیول کی اختتامی تقریب اورگورنر ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر ہاؤس میں ایڈوائزر ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز کفایت اللہ خان اور سیکرٹری داخلہ امجد علی خان نے شرکا کو صوبے میں سکیورٹی صورتحال اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا ہے کہ دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں بھی مثبت اور تفریحی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبے کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پی ٹی آئی حکومت سنجیدہ نہیں تھی، ہم ایسے موڑ پر کھڑے ہیں جہاں واپسی کی گنجائش نہیں اور شکست ہمارے لئے آپشن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان فرار ہونے والے دہشت گردوں کو دوبارہ یہاں آباد کیا گیا، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی ضروری ہے ،عوام کا اعتماد بحال کر کے اور پولیس و عوام کا رابطہ مضبوط بنا کر آدھی جنگ جیتی جا سکتی ہے ، صوبے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف کرنا ترجیح ہے ۔ دریں اثناء گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پرجاکر ملاقات کی ہے ، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور،خیبرپختونخوا کی مجموعی سیاسی صورتحال، درپیش اہم معاملات اور وفاق و صوبے کے درمیان رابطوں اور تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور مشاورت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments