بلوچستان کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں،نفرتوں کا خاتمہ ضروری:بلاول
ملتان،مظفر گڑھ ،ڈیرہ غازی خان (ایجنسیاں ،سٹی رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین ورکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم بلوچستان کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے مل کر محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی بھی بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، ہم سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی تاکہ نفرت کی سیاست کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دورہ ملتان وجنوبی پنجاب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔بلاول بھٹو نے بدھ کو بوسن روڈ پرچھ نمبرچونگی کے قریب اعوان ہاس میں پی پی پی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن اورسابق وفاقی وزیر ملک مختاراعوان کے انتقال پراہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے چوک قریشی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پیپلزپارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی میاں علمدار عباس قریشی سے ملاقات کی اور ان کے بھائی میاں غضنفر عباس قریشی اور اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم ملک مختار اعوان کے صاحبزادے ملک گلریز اعوان اور صاحبزادی صائمہ اعوان سے ان کے والد کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی پنجاب کونسل کے رکن ضیا الحسن انصاری سے بھی ان کے داماد ناصراقبال کے انتقال پرتعزیت کی۔ علاوہ ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی نے ڈیرہ غازی خان میں کھوسہ ہاؤس کا دورہ کیا انہوں نے سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال پر تعزیت کی ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے انتقال سے بڑا سیاسی خلا پیدا ہوا ہے ، وہ جنوبی پنجاب سمیت ملک کے بڑے سیاسی رہنما تھے ،ہمیں نفرت کی سیاست کی بجائے محبت کو فروغ دینا ہو گا، ان کے انتقال سے ملکی سیاست ایک اہم شخصیت سے محروم ہوگئی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments