بلاول نے ایس آئی یوٹی رحیم یارخان کا سنگ بنیاد رکھ دیا
پیپلزپارٹی ن لیگ کے تعاون سے عوامی بھلائی کے منصوبے مکمل ہورہے :بلاول ملک میں کسی کو علاج سے محروم نہیں ہونے دینگے :چیئرمین پیپلزپارٹی کا خطاب
رحیم یارخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن(ایس آئی یو ٹی)ہسپتال رحیم یارخان کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں کسی کو علاج سے محروم نہیں ہونے دیں گے ’ علاج کے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں’ سندھ حکومت گمبٹ سے کراچی تک غریب عوام کیلئے بیماریوں کے عالمی معیار کی مفت سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ایس آئی یوٹی ہسپتال ڈاکٹر ادیب رضوی کے تعاون سے سندھ کے بعد ملک بھر میں گردے کے امراض کے علاج کیلئے کڈنی ہسپتال بنا رہے ہیں’ پہلے مرحلے میں رحیم یارخان کے بعد کوٹ ادو’ ڈیرہ غازی خان’ گجر خان میں بھی ایس آئی یوٹی ہسپتال زیرتعمیر ہیں اوراگست 2027ء تک یہ تمام ہسپتال فنکشنل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یارخان میں ہسپتال کے قیام کے لیے مخدوم سید احمد محمود اور سابق ایم پی اے ڈویژنل صدرانجینئر جاوید اکبر ڈھلوں کی طرف سے اراضی عطیہ دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ بلاول بھٹو نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کی طرف سے پنجاب میں ہسپتال کی تعمیر کیلئے منظوری دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ایک دوسرے سے تعاون سے عوامی بھلائی کے منصوبے مکمل ہورہے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے سیاسی اختلافات کے باعث ماضی میں ایسے منصوبوں کی تکمیل میں ر کاوٹیں پیدا کی جاتی تھیں یا حکومتوں کی مدت پوری نہ ہونے سے منصوبے ادھورے رہ جاتے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments