آئی جی سندھ کاتاجروں کی جائز شکایات کے فوری ازالے کاعزم

آئی جی سندھ کاتاجروں کی جائز شکایات کے فوری ازالے کاعزم

جاوید عالم اوڈھو کی وفد سے ملاقات، چیف پی سی ایل سی بھی ہمراہ تھے تاجروں کوتحفظ اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے ، حفیظ عزیز

کراچی (کامرس رپورٹر)انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے تاجر برادری کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو سازگار بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سندھ پولیس تاجروں کی جائز شکایات کے بروقت ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں پولیس چیمبر لائژن کمیٹی (پی سی ایل سی) کے چیف حفیظ عزیز کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں کراچی چیمبر کی منیجنگ کمیٹی کے رکن آصف چامڈیا، کے سی سی آئی کے سابق نائب صدر حارث اگر، سابق سینئر نائب صدر توصیف احمد اور لاء اینڈ آرڈر سب کمیٹی کے سابق چیئرمین یوسف یعقوب شامل تھے ۔ دوسری جانب چیف پی سی ایل سی حفیظ عزیز نے آئی جی سندھ سے ملاقات میں بھتہ خوری، دھمکیوں اور بلاجواز ایف آئی آر کے اندراج سمیت تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ تاجروں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے اور سازگار کاروباری ماحول کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ تاجر برادری بلا خوف و خطر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکے ۔ علاوہ ازیں آئی جی سندھ نے غلط ایف آئی آر کی نشاندہی کا نوٹس لیتے ہوئے موقع پر ہی ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو شکایات دور کرنے کے احکامات جاری کئے ، جاوید عالم اوڈھو نے وفد کو یقین دلایا کہ تاجروں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...