فقہی اختلافات کو امت کی تقسیم کا ذریعہ نہ بنائیں : حافظ نعیم

فقہی اختلافات کو امت کی تقسیم کا ذریعہ نہ بنائیں : حافظ نعیم

نوجوانوں کو محبت کے ساتھ جماعتی اجتماعیت سے جوڑیں:امیر جماعت اسلامی خواتین اپنے حلقہ احباب میں دعوتی کام کو آگے بڑھائیں: حیدر آباد میں خطاب

حیدرآباد(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ مسالک کی بنیاد پر امت کو تقسیم کرنے والے دین کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ، اقامت دین جماعت اسلامی کی جدوجہد کی منزل ہے، خواتین معاشرے میں بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سولنگی گوٹھ حیدرآباد میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام ارکان کی سہ روزہ تربیت گاہ کے پہلے روز خطاب کر تے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ کاشف سعید شیخ، ناظمہ حلقہ خواتین صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان حمیرا طارق، جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے محمد یوسف اور ضلعی امیر حافظ طاہر مجید بھی موجود تھے۔

تربیت گاہ کا آغاز نگرانِ تربیت گاہ شگفتہ ابراہیم کی گفتگو سے ہوا۔نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی محض سیاسی، مسلکی یا سماجی تنظیم نہیں بلکہ اقامتِ دین کی تحریک ہے ، جس کا مقصد اللہ کے دین کو زندگی کے تمام شعبوں میں نافذ کرنے کے لیے معاشرے کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت کرنا ہے ۔یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، اس لیے جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی اسلامی شناخت اور اقامتِ دین کے مقصد کے لیے مسلسل جدوجہد کرے ۔نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خواتین اپنے خاندان، محلے اور حلقہ احباب میں دعوتی کام کو آگے بڑھائیں۔فقہی اختلافات کو امت کی تقسیم کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ درسِ قرآن محض ایک سرگرمی یا معمول نہیں بلکہ اس کے ذریعے لوگوں کی فکر، کردار اور عملی زندگی میں تبدیلی پیدا کرنی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...