احمد شہزاد کی سنچری ناردرن کے بڑے سکور پر بھاری
نیشنل ٹی 20کپ کے میچ میں آصف علی کی ریکارڈ10چھکوں سے لبریز جارحانہ اننگزدھندلاگئی ، وسطی پنجاب نے ناردرن ایریاز کو 4وکٹوں سے مات دی جنوبی پنجاب نے خیبر پختونخوا کو 4وکٹوں شکست دی ،وہاب ریاض کو 3وکٹوں اور 17گیندوں پر 42ناقابل شکست رنز کی کارکردگی نے مردمیدان بنادیا
فیصل آبا د،لاہور (نیوز رپورٹر ،سپورٹس رپورٹر) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں آصف علی کی دھواں دھار اننگز احمد شہزاد نے دھندلا دی ، ناردرن ایریاز نے آصف علی کے 10 چھکوں سمیت 93رنز کی بدولت چھ وکٹوں پر 222 رنز کا مجموعہ سکوربورڈ پر سجایا،وسطی پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد ناقابل تسخیرسنچری کی بدولت اپنی ٹیم کو چار وکٹوں سے فتح دلا کرمرد میدان قرارپائے ،جنوبی پنجاب نے بھی خیبر پختونخوا کو چار وکٹوں سے ہرادیا،مین آف دی میچ وہاب ریاض کا آل راؤنڈ کھیل فتح کی ضمانت بن گیا جو تین وکٹوں کے بعد42ناٹ آؤٹ بنانے میں کامیاب رہے ۔اقبال سٹیڈیم فیصل آبا دمیں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پانچویں میچ میں ناردرن ایریاز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ شروع کی تو ابتدائی تین وکٹیں 59رنز پر گر گئیں جس میں عمر امین ہی 38رنز بنا سکے ۔اس موقع پر محمد نواز اور آصف علی نے 9اوورزمیں 107رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو چھ وکٹوں پر 222رنز تک پہنچادیا۔محمد نواز نے ایک چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے 50رنز بنائے لیکن آصف علی کی35گیندوں پر چار چوکوں اور دس چھکوں سے مرصع 93رنز کی اننگز نے شائقین میں جوش بھر دیا۔ کپتان عماد وسیم نے بھی پانچ گیندوں پر 22رنز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے ۔فہیم اشرف نے تین وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں وسطی پنجاب نے ابتدائی چار وکٹیں 83رنز پر گنوا دیں لیکن اوپنر احمد شہزاد اپنی جگہ ڈٹے رہے جنہوں نے 29رنز بنانے والے سعد نسیم کیساتھ 80اور 28رنز سکور کرنیوالے فہیم اشرف کیساتھ 57رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو آخری اوور میں فتح دلا دی ۔احمد شہزاد نے 13چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 111رنز بنا کر مرد میدان کا ایوارڈ حاصل کیا ،عماد وسیم نے 3وکٹیں گرائیں۔ایونٹ کے چھٹے میچ میں ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 154 رنز بنائے جس میں خوشدل شاہ پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان محمد رضوان نے 45 رنز کا اضافہ کیا۔وہاب ریاض نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔جوابی اننگز میں جنوبی پنجاب کی ٹیم صہیب مقصود 24 اور کپتان شان مسعود کے 18 رنز کے باوجود 51 رنز پر پانچ وکٹیں کھو بیٹھی لیکن سیف بدر نے ناقابل شکست 49 اور مین آف دی میچ وہاب ریاض نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 17گیندوں پر ناقابل تسخیر 42 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 19 ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کرادیا ۔آج بھی ایونٹ میں دو میچز کھیلے جائیں گے اور پہلے میچ میں خیبرپختونخوا کا مقابلہ سندھ جبکہ دوسرے میچ میں بلوچستان کا سامنا وسطی پنجاب سے ہوگا۔