امریکی حادثاتی طور پر چھوٹی کشتی میں الاسکا سے روس پہنچ گیا
ایک امریکی شخص حادثاتی طور پر اپنی چھوٹی کشتی میں الاسکا سے روس پہنچ گیا۔
الاسکا(نیٹ نیوز) روسی حکام کو یہ شخص مشرقی علاقے چوکوتکا سے ملا تھا۔ اس علاقے کو بحیرہ بیرنگ الاسکا سے جدا کرتا ہے ۔مقامی میڈیا کے مطابق سرحدی محافظوں نے اس امریکی کو ساحلی گاؤں لیورینٹیا میں روکا تھا۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروا نے بتایا کہ 46 سالہ اس امریکی کا تعلق اینکرایج، الاسکا سے ہے ۔ان کا نام مارٹن ولیم سوئم ہے ۔ماریا نے بتایا کہ مارٹن الاسکا کے دریائے یوکون میں کشتی رانی کر رہے تھے ۔ ان کی کشتی ایک آدمی کے لیے بنائی گئی چھوٹی کشتی ہے ۔دوہفتوں کے بعد مارٹن نے سخت موسمی حالات کی وجہ سے فیصلہ کیا کہ کھلے سمندر میں چلے جائیں۔رہنمائی کے آلات نہ ہونے کی وجہ سے وہ چند دن کھلے سمندر میں رہے اور پھر روسی سرزمین پر پہنچ گئے ۔ماریا نے بتایا کہ انہوں نے ولادیوستوک میں واقع امریکی کونسل خانے کو مارٹن کے بارے میں مطلع کر دیا ہے ۔ ماریا کے مطابق مارٹن کی حالت اس وقت تسلی بخش ہے ۔