ہمہ وقت سیدھی رہنے والی چھڑی
عمر رسیدہ افراد جب چھڑی کے سہارے چلنے لگتے ہیں تو کئی مرتبہ چھڑی اٹھانے کیلئے انہیں جھکنا پڑتا ہے جو ایک تکلیف دہ امر ہوتا ہے
لاہور(نیٹ نیوز) اس مسئلے کو ختم کرنے کیلئے ایک چھڑی ڈیزائن کی گئی ہے جو ہاتھ ہٹانے پر بھی زمین سے لگ کر بالکل سیدھی کھڑی رہتی ہے ۔یونان کے ایک ڈیزائنر نے’’ کیوڈیا ‘‘نامی یہ چھڑی تیار کی ہے ۔ مضبوط اور ہلکی پھلکی چھڑی ہمہ وقت بالکل سیدھی رہتی ہے اگر آپ اسے ہاتھ سے چھوڑ بھی دیں تب بھی یہ ادھر ادھر ڈولنے کے بعد زمین سے لگ کر سیدھی ہوجاتی ہے جسے تھامنا آسان ہوتا ہے ،سیسے سے بنی یہ چھڑی ہلکی پھلکی اور مضبوط ہے اسکی نوک بھی زمین پر اچھی طرح جمی رہتی ہے اور بزرگ افراد کو پھسلنے سے بچاتی ہے ۔ یونانی ڈیزائنر مائیکل دیماؤ کی بوڑھی والدہ کے گھٹنے کمزور ہیں اور انہیں دیکھتے ہوئے ہی مائیکل نے یہ چھڑی بنائی ہے ۔