فارن ایکسچینج مینول کے قوانین میں ترمیم کاسرکلر جاری
بیرونِ ملک ڈالر کی ترسیل کا عمل آسان ،منظم اور شفاف ہوگا،اسٹیٹ بینک
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے غیر ملکی کمپنیوں، عالمی فرنچائزز، زرعی اور آئی ٹی سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کیلئے ایک اہم اور بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے فارن ایکسچینج مینول کے قوانین میں ترمیم کاسرکلر جاری کر دیا ، ترمیم کا مقصد پاکستان سے بیرونِ ملک ڈالر کی ترسیل کے عمل کو نہ صرف آسان بنانا ہے بلکہ اسے زیادہ منظم اور شفاف بھی بنانا ہے ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق نئی ترامیم کے تحت پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں اور عالمی برانڈز کی فرنچائز فیس، رائلٹی اور سروس چارجز کی بیرونِ ملک ادائیگی کے طریقہ کار کو سہل بنا دیا گیا ہے ۔اس اقدام سے وہ کمپنیاں براہِ راست مستفید ہوں گی جو بین الاقوامی فرنچائز ماڈل کے تحت پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں۔ مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ فارن ایکسچینج مینول میں یہ ترامیم ڈالر کی ترسیل کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ کاروباری اداروں کو غیر ضروری تاخیر اور پیچیدہ کاغذی کارروائی سے نجات دلانے کیلئے کی گئی ہیں۔