موبائل فونز کی درآمدات میں 40.51 فیصد اضافہ ریکارڈ
5ماہ کے دوران درآمدات کا حجم 801.139 ملین ڈالر رہا، اعدادوشمار
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر)کے دوران موبائل فونز کی درآمدات 40.51 فیصد اضافے سے 801.139 ملین ڈالر رہیں، گزشتہ سال کی اسی مدت میں درآمدات کا حجم 570.184 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا نومبر موبائل فونز کی درآمدات مالیت کے لحاظ سے 226.133 ارب روپے رہی جو پچھلے سال کی اسی مدت میں 158.518 ارب روپے تھی، یہ 42.65 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے ۔موبائل فون کی درآمدات نومبر 2025 کے دوران 8.30 فیصد اضافے سے 156.565 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو اکتوبر 2025 میں 144.563 ملین ڈالر تھیں۔موبائل کی درآمدات سالانہ بنیاد پر نومبر 2024 کے 149.378 ملین ڈالر کے مقابلے میں 4.81 فیصد کمی دیکھی گئی۔گزشتہ مالی سال 2024-25 کے دوران 1.494 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے جو مالی سال 2023-24 میں 1.898 ارب ڈالر کے مقابلے میں 21.31 فیصد کمی ظاہر کرتے ہیں۔