آئی فون کیلئے گردہ بیچنے والا چینی نوجوان مستقل معذور ہوگیا
نت نئے آلات اور فون خریدنے کا جنون نوجوان کو عمربھر کیلئے گردے کا مریض بنا کر معذور کرگیا۔
بیجنگ(نیٹ نیوز) چین کے نوجوان نے آئی فون خریدنے کیلئے اپنا گردہ بیچا جس کے کچھ عرصے بعد وہ گردوں کی بیماری میں مبتلا ہوکر ڈائلیسسز کا محتاج ہوکر رہ گیا ۔8 سال قبل چینی نوجوان ژیاؤ وینگ کی عمر 17 برس تھی جب آئی فون فور ریلیز ہوا اور اس غریب نوجوان نے اسے خریدنے کیلئے بلیک مارکیٹ میں اپنا گردہ بیچ دیا۔ انسانی اعضا کے سمگلر نے 3200ڈالر میں اس کا گردہ خریداتھا۔ گردہ فروش سمگلر اسے جہاں لے گیا وہاںغیرقانونی آپریشن تھیٹرمیں صفائی کا انتظام نہیں تھا اور اس کے زخم میں انفیکشن ہوگیا ۔ وینگ نے یہ خبر گھر والوں کو نہیں دی تاہم اس کی خراب صحت عیاں ہوگئی اور اس کے والدین نے گردے فروخت کرنے میں معاون مڈل مین کو تلاش کرکے اس پر مقدمہ کردیا جس نے 3 لاکھ 20 ہزار ڈالر ہرجانے کے طور پر دئیے جو اب اس نوجوان کے علاج پر خرچ ہورہے ہیں۔