سونے کے ذخائر رکھنے والی دنیا کی محفوظ ترین عمارت

  سونے کے ذخائر رکھنے والی دنیا کی محفوظ ترین عمارت

اگر کوئی آپ سے پوچھے کہ دنیا میں سب سے محفوظ جگہ اور مضبوط عمارت کون سی ہے تو اس کا جواب ہے فورٹ ناکس کیونکہ یہ جگہ آپ کی سوچ سے بھی زیادہ محفوظ ہے ۔

لاہور(نیٹ نیوز)فورٹ ناکس میں امریکہ کے آدھے سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھے جاتے ہیں، اپنی سکیورٹی اور انفراسٹرکچر کی بنا پر اسے کرہ ارض کی سب سے محفوظ جگہ مانا جاتا ہے ۔ عمارت کے قریب جانا تو دور کی بات ہے ، اس احاطے کے قریب بھی جانے کا کوئی نہیں سوچ سکتا۔اس عمارت کا اصل نام 'یونائیٹڈ سٹیٹس بلین ڈیپوزٹری' ہے ۔ عمارت کے چاروں طرف سٹیل کا احاطہ بنا ہوا ہے ۔یوایس ٹریژری کے مطابق عمارت کنکریٹ، گرینائٹ اور سٹیل سے بنی ہوئی ہے تاکہ اس پر کسی بھی قسم کی بیرونی دراندازی نا ہو سکے ۔ فورٹ ناکس جدید ترین حفاظتی ہتھیاروں سے لیس ہے جس علاقے میں یہ عمارت موجود ہے اس کی نگرانی سیٹلائٹ کے ذریعے 24 گھنٹے تک کی جاتی ہے ۔ فورٹ ناکس کے تہہ خانے میں شوٹنگ رینج بھی موجود ہیں جہاں ماہر شوٹر ہر وقت تیار رہتے ہیں۔کسی بھی ہنگامی صورت حال میں یہ جگہ 40000 فوجیوں اور اپنے ملازمین کیلئے آماجگاہ بن سکتی ہے ۔فورٹ ناکس کا اپنا ہنگامی بجلی پیدا کرنے والا پلانٹ اور پانی کا نظام ہے ۔والٹ کا ڈور سٹیل اور کنکریٹ کا بنا ہوا ہے اور اس کا وزن 20 ٹن سے زیادہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں