"FBC" (space) message & send to 7575

جب آئزن ہاور نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا وعدہ کیا

پچاس کی دہائی کے اواخر میں جنوبی ایشیا میں امن کے سوال اور مسئلہ کشمیر پر امریکی پالیسی نے ایک نیا موڑ لیا تھا۔ اس پالیسی کا اظہار اس وقت کے عالمی طاقت ور حلقوں کی اس مسئلے پر باہمی گفتگو، خطوط کے تبادلے اور ٹیلی گرام وغیر ہ کی شکل میں موجود دستاویزات سے ہوتی ہیں، جن کو اس وقت بہت سختی سے خفیہ رکھا گیا۔ اس کی ایک مثال کراچی کی ایک میٹنگ کی یادداشت ہے، جو کراچی سے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کی گئی۔ یہ میٹنگ آٹھ دسمبر انیس سو انسٹھ کو صبح نو بجے شروع ہوئی۔ اس اجلاس میں امریکہ کی طرف سے امریکی صدر آئزن ہاور، جنرل گڈ پاسٹر، ایمبیسیڈر ران ٹری اور مسٹر مرفی نے شرکت کی۔ پاکستان کی طرف سے صدر ایوب خان‘ وزیر خارجہ منظور قادر، فنانس منسٹر شعیب اور سیکرٹری خارجہ اکرام اللہ نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مکمل احوال اس میمورنڈم میں موجود ہے، جو اب امریکی حکام نے ڈی کلاسیفائی کیا ہے۔
جیسا کے سرد جنگ کے اس دور میں معمول تھا‘ اس طرح کی ہر ہائی پروفائل میٹنگ کا فوکس سوویت یونین ہوتا تھا، اس گفتگو کا نقطہ ماسکہ بھی سوویت یونین اور کمیونزم کی روک تھام تھا‘ اور اجلاس کا بیشتر وقت اس سوال پر غور کرنے پر صرف ہوا کہ خطے میں سوشلزم کو کیسے روکا جائے اور ''آزاد دنیا‘‘ کو سوویت یونین کی پیش قدمی سے کیسے بچایا جائے۔ اس سلسلے میں صدر ایوب خان نے سوویت یونین اور کمیونزم کے تناظر میں جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی سیاست کا جائزہ لیا، اور بتایا کہ پاکستان اس معاملے میں امریکہ کے ساتھ مل کر ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے اور اس باب میں پاکستان کو امریکہ سے فوجی اور مالی مدد کی ضرورت ہے۔
یہ ایک دلچسپ یادداشت ہے؛ تاہم یہاں اس میمورنڈم کے بیشتر حصے کو نظر انداز کرتے ہوئے ہم اس تحریر کو صرف ان نکات تک محدود کرتے ہیں، جو زیادہ تر جنوبی ایشیا کی سیاست اور پاک بھارت باہمی تنازعات سے جڑے ہیں۔ صدر ایوب خان نے اس اجلاس میں یہ تجزیہ پیش کیا کہ اگلے تیس سے ساٹھ سالوں میں چین ایک بہت بڑی طاقت بن جائے گا؛ چنانچہ سوویت یونین آنے والے برسوں میں چین کی مدد جاری رکھتے ہوئے چین کا ''کائونٹر بیلنس‘‘ تلاش کرنے کی کوشش کرے گا۔ سوویت یونین کا سب سے بڑا مسئلہ نیٹو ہے۔ اگرچہ انہوں نے نیٹو کو تباہ کرنے کی پوری کوشش کی، لیکن ان کو علم ہو گیا ہے کہ ایسا کرنا مشکل ہے‘ اس لیے سوویت یونین کی طویل مدتی پالیسی اب کسی متبادل کی تلاش ہے۔ اس متبادل کی تلاش میں حالیہ برسوں میں انہوں نے اپنی توجہ افغانستان پر مرکوز کی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ وہ افغانستان کے راستے وہ مقاصد حاصل کر سکتے ہیں، جو مشرق وسطیٰ اور دوسرے راستوں سے ممکن نہیں ہیں۔
ایوب خان نے انکشاف کیا کہ چین جنوبی ایشیا کے گرد و نواح میں ہوائی اڈے تعمیر کر رہا ہے اور یہ بہت جلد برما کے ذریعے بھارت کے لیے بہت بڑا خطرہ پیدا کر دے گا۔ چین اور سوویت یونین کے مشترکہ دبائو کے نتیجے میں بھارت ٹوٹ سکتا ہے۔ اس اجلاس میں صدر ایوب نے ایک نقشہ پیش کیا، جس میں افغانستان میں سوویت یونین کی سڑکوں کی تعمیر کی تفصیل تھی۔ انہوں نے اجلاس کے شرکا کو ان سڑکوں کی فوجی اہمیت سے آگاہ کیا، اور بتایا کہ افغانستان کو ان سڑکوں کی ضرورت نہیں ہے، یہ صرف سوویت فوجی ضروریات کے مطابق بنائی جا رہی ہیں۔ ماضی میں سوویت یونین کی طرف سے پاکستان کے خلاف فوج کشی کی بہت ساری محدودات تھیں مگر ان سڑکوں کی تعمیر کے بعد آٹھ ڈویژن فوج کو تیزی سے پاکستان کے خلاف لایا جا سکتا ہے، اور اس میں اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ افغانستان میں سڑکوں کی تعمیر کے بعد سوویت یونین کے پاس دو راستے بن گئے ہیں، ایک مشرق وسطیٰ اور دوسرا افغانستان کے ذریعے جنوبی ایشیا۔
اس اجلاس سے چند ماہ پہلے صدر ایوب خان یہ کہہ چکے تھے کہ اگر پاکستان اور بھارت کی آپس کی دشمنی جاری رہتی ہے، تو یہ دونوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ برصغیر کا تحفظ ان کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ اس کے باوجود بھارت کی اسی فیصد فوجیں پاکستان کے خلاف لگی ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں بیشتر پاکستانی افواج بھارت کے خلاف کھڑی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان اور بھارت کے باہمی تنازعات کیوں حل نہیں ہو سکتے؟ جبکہ یہ واضح ہے کہ اگر ان کے آپس کے مسائل حل ہو جائیں تو وہ مجموعی طور پر اس علاقے کے تحفظ پر اپنی توجہ لگا سکتے ہیں۔ اس وقت نہرو کو چین کا سامنا کرنے کے لیے فوجی قلت کا مسئلہ درپیش ہے، کیونکہ اس کا خیال ہے کہ بھارتی فوجوں کو پاکستانی سرحدوں سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔ بالکل اسی طرح آج اگر پاکستان کو افغانستان سے اپنے خلاف دفاع کے لیے فوجیں درکار ہوں تو وہ اپنی فوجوں کو بھارتی سرحدوں سے نہیں ہٹا سکتا۔ صدر ایوب خان نے کہا کہ ان حالات میں تبدیلی ضروری ہے تاکہ فوجی صورتحال بہتر کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مشترکہ دفاع کے تصور کو پنڈت جواہر لال نہرو نے مسترد کر دیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات میں بہتری کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل ہونا ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر دونوں ملکوں کے مابین امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ صدر ایوب خان نے بھارت کے ساتھ انڈس واٹر مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا، اور امید ظاہر کی کہ اس پر سمجھوتہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت تئیس ملین ایکڑ زمین کاشت کرنے میں مشکل در پیش ہے کیونکہ اس کاشت کا انحصار مکمل طور پر انڈس واٹر پر ہے۔ اس لیے اس پانی کی حفاظت ضروری ہے، اور یہ حفاظت کشمیر کے پہاڑوں سے شروع ہوتی ہے۔ اس لیے پاکستان کی زندگی کا انحصار کشمیر پر ہے تاہم مسئلہ کشمیر کا کوئی حل اس وقت تک ناممکن ہے جب تک تین عناصر کو مدنظر نہیں رکھا جاتا۔ پہلا یہ کہ کشمیر کے عوام کشمیر کے مستقبل میں فریق اور حصے دار ہیں۔ دوسرا یہ کہ پاکستان مسئلے کا فریق ہے۔ اور تیسرا یہ کہ بھارت بھی اس مسئلے کا ایک فریق ہے۔ کوئی حل جو ان تینوں فریقوں کو مطمئن کرے وہ پاکستان کے لیے قابل قبول ہے۔
بہترین حل ایک استصواب رائے ہوگا، لیکن اگر یہ ممکن نہیں ہے تو کوئی بھی طریقہ جو ان تینوں فریقوں کو مطمئن کر سکے ہمارے لیے قابل قبول ہوگا۔ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات طے نہیں کیے جاتے، تو دونوں ممالک تباہ و برباد ہو جائیں گے۔ امریکہ ممکن ہے دیر سے اس سے متاثر ہو لیکن اس کے مفادات بھی مجروح ہوں گے۔ اس موقع پر صدر آئزن ہاور نے انیس سو چھپن میں پنڈت جواہر لال نہرو کے ساتھ گفتگو کے ایک طویل سلسلے کا ذکر کیا جو مسئلہ کشمیر پر دونوں کے درمیان ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب صدر ایوب کے خیالات سننے کے بعد وہ انہی خطوط پر پنڈت نہرو کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر دوبارہ گفتگو کا آغاز کریں گے۔ صدر آئزن ہاور نے اس گفتگو کے بعد مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں خوش امیدی کا اظہار کیا۔ صدر آئزن ہاور نے اس کے بعد بھارت جانا تھا، جہاں پر مسئلہ کشمیر ان کے ایجنڈے پر سرفہرست رہنا تھا۔ بھارت پہنچ کر صدر کو کن حالات کا سامنا کرنا پڑا اس کی تفصیل آئندہ سطور میں پیش کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں