اگر…؟

اگر ہم امریکہ کی بجائے روس کے اتحادی ہوتے تو کیا مشرقی پاکستان علیحدہ ہوتا؟ اگر افغان جنگ میں ہم فریق نہ بنتے تو کیا 32لاکھ مشکوک لوگ اب بھی مہاجر کے طور پر یہاں ''مہمان بالجبر‘‘ موجودہوتے؟ اگر افتخار چوہدری کے ذریعے نواز شریف کی حکومت کے خاتمے پر ظفر علی شاہ کیس میں جنرل مشرف کو تین سال نہ ملتے تو ساڑھے نو سال تک آمریت چل سکتی تھی...؟ اگر اسی جج نے جنرل مشرف صاحب کو وردی میں الیکشن لڑنے کا لائسنس نہ دیا ہوتا تو کیا پاکستان کی تاریخ یہی ہوتی...؟ اگر 24روپے کلو والی چینی کا سو موٹو نوٹس نہ لیا جاتا تو چینی 124روپے کلو تک جا سکتی تھی؟
اگر یحییٰ خان کے اسلام کو پسند کرنے والے ضیاالحق کی کابینہ میں حلف نہ اٹھاتے تو آج پاکستان کہاں کھڑا ہوتا؟ اگر آمریت بچانے کے لیے ہیروئن اور کلاشنکوف ہمارے کلچر میں داخل نہ کیے جاتے تو پاکستان قرضے مانگنے کی بجائے قرضے دینے والا ملک نہ بن جاتا؟ اگرہم سوشل ازم کی پالیسی جاری رکھتے تو بھوک، بیماری، روٹی ، کپڑا اور مکان جیسے مسائل کب کے ختم نہ ہو چکے ہوتے؟ اگر پاکستان کا سرمایہ دار، جاگیردار اور چور بازار اقتدار پر قابض نہ ہوتا تو عوام اقتدار سے باہر رہ سکتے تھے؟ اگر کوئی عوام دوست اقتدار والا ساحر لدھیانوی کا ایک شاہکار پڑھ لیتا تو آج کوئی غربت کی لکیر سے نیچے اُترتا؟ اگر یہ پڑھ کر بھی آپ کا خون جوش نہ مارے تو پھر بلڈ ٹیسٹ تو ہونا چاہیے ناں؟
مِلیں اسی لیے ریشم کے ڈھیر بُنتی ہیں
کہ دخترانِ وطن تار تار کو ترسیں؟
یہ شاہراہیں اسی واسطے بنی تھیں کیا 
کہ ان پہ دیش کی جنتا سسک سسک کے مرے
زمیں نے کیا، اسی کارن اناج اُگلا تھا
کہ نسلِ آدم و حوّا بِلک بِلک کے مرے؟ 
چمن کو اس لیے مالی نے خُوں سے سینچا تھا
کہ اس کی اپنی نگاہیں بہار کو ترسیں؟
جہانِ کُہنہ کے مفلُوج فلسفہ دانو
نظامِ نو کے تقاضے سوال کرتے ہیں
ہزار، لاکھ فسُردہ گَلے سڑے ڈھانچے
نظامِ زر کے خلاف احتجاج کرتے ہیں
خموش ہونٹوں سے، دم توڑتی نگاہوں سے
بشر بشر کے خلاف احتجاج کرتے ہیں
اگر ہماری عوامی سیاست سے سرمایہ داری ٹھاہ اور جاگیرداری ٹھاہ کا نعرہ ختم ہوا تو اس کا ذمہ دار کون ہے؟ اگر پاکستان میں طلباء یونین پر پابندی لگائی تو یہ کس کی سازش تھی؟ اگر سرکاری کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سٹوڈنٹس یونین کے الیکشن قومی سیاست کی نرسری تھے تو اس نرسری کو کس نے اجاڑا اور برباد کیا؟ اگر نجکاری کی مزدور دشمن پالیسی شروع نہ ہوتی تو ٹریڈ یونین کی محنت کش تحریک دبائی جا سکتی تھی؟ اگر پیداوار کے وسائل پر قابض مافیاکو بے دخل کر دیا جاتا تو غربت کا راج قائم رہ سکتا ہے؟ اگر زمین کی ملکیت کی حد مقرر کر دی جائے تو بے زمین کاشتکار اور زرعی مزدور زمین کے مالک نہیں بن جائیں گے؟ اگر آلو کنگ،پولٹری کنگ ،ڈیری کنگ ،چینی کنگ،سریا کنگ،سیمنٹ کنگ قانون کی زد میں آ جائیں تو غریب سُکھ کا سانس نہیں لیں گے؟ اگر صوبائی اہلکار خدا کا خوف اور غریبوں کی حیا کر کے پرائس کنٹرول پر عمل درآمد کرائیں تو کیا مہنگائی کا سیلاب رُک نہیں جائے گا؟ اگر ذخیرہ اندوز، بھتہ خورکو پھانسی لگنا شروع ہو جائے تو پاکستان جنتِ ارضی بن نہیں جائے گا؟ اگر تیزاب سے جلنے والیوں کو انصاف مل جائے تو اعضائے رئیسہ (vital organs) برباد کرنے کے مجرم تختہ ِدار پر نہیں جھولیں گے؟ اگر نئی دہلی جیسی ٹرانسپورٹ شروع کی جائے تو شہر شہر میں صبح ،دوپہر ،شام کے ٹریفک جام ختم نہیں ہو جائیں گے؟ اگر میونسپل اداروں کے الیکشن ہو جائیں تو عوام کے مسائل کم نہیں ہوں گے؟ اگر ٹھیکے داروں اور ان کے حصّہ دار سرپرست دھاندلی اور بد عنوانی چھوڑ دیں تو ہر بارش کے بعد سڑکیں اور پل ٹوٹیں گے؟ اگر ٹیچروں کی تنخواہ ججوں کے برابر کر دی جائے تو بچے نالائق رہ سکیں گے؟
اگر مرد عورت کو ماں ،بہن اور بیٹی کی نظر سے دیکھیں تو سڑکوں پر ہونے والی غنڈہ گردی ختم نہیں ہو جائے گی؟ اگر بیوروکریسی اور ڈیموکریسی والے قرضے ہضم کرنا چھوڑ دیں تو ہمیں مزیدقرض مانگنے کی ضرورت پڑے گی؟ اگر گاڑی مالکان اور ڈرائیور سڑک کو اپنی ملکیت سمجھناچھوڑ دیں تو حادثے رُک نہیں جائیں گے؟ اگر انصاف کے مندر سے عدل کا چشمہ بہہ نکلے تو جرم کے جزیرے غرقاب نہیں ہو جائیں گے؟ اگر زرد صحافت، لفافہ ازم اور ''فرینڈلی سینسر شپ‘‘ ختم ہو جائے تو آزادیِ اظہار کا خواب پورا نہیں ہوجائے گا؟اگر بیوروکریسی میں دوہری شہریت ختم کر دی جائے تو پچاس فیصد کرسیاں اور ساٹھ فیصد شادیاں ٹوٹ نہیں جائیں گی؟ اگر کچہری میں جعلی بیان حلفی، فرضی وصیت نامے اور ملی بھگت کے انتقال ہونا بند ہو جائیں تو جرم کے سرپرست مارے نہیں جائیں گے؟ اگر غریب دیہاتیوں کو بجلی، گیس، صحت، تعلیم گاؤں میں ہی مل جائیں تو شہروں پر آبادی کا دباؤ کم نہیں ہو جائے گا؟ اگر زکوٰۃ مانگنے والے اپنے حصے کی زکوٰۃ دینا شروع کر دیں تو غربت منہ چھپاتی نہیں پھرے گی؟ اگر سرکاری پیسے کی ریکوری کے خلاف عشروں سے چلنے والے سٹے آرڈرختم ہو جائیں تو بجٹ کاخسارہ پورا نہیں ہو جائے گا؟ اگر سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق اور دوہری شہریت کے ساتھ الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی جائے تو مزید زرِ مبادلہ ملک میں آ نہیں جائے گا؟ اگر عید پر انتظامیہ منافع خوروں کی رکھوالی بند کر دے تو ہر بازار سستا بازار بن نہیں جائے گا؟ اگر ہمارا تعلیمی بجٹ سری لنکا کے برابرہو جائے تو کیا سو فیصد خواندگی کوئی روک سکتا ہے؟ اگر ریلوے انجنوں میں کمیشن کھانے والے کمیشن نہ مانگیں تو کو ئی انجن فیل کیسے ہوگا؟
اگر پڑھے لکھے نوجوان میرٹ پر بھرتی ہوں تو کیا کوئی تھانیدار بد دیانت ہو گا یا کوئی مجسٹریٹ سست رہ سکے گااور ضلعی انتظامیہ کام چور ہو گی؟اگر دس سال سے زیادہ نوکری والے نااہل کرپٹ اور سیاسی بنیادوں پر بھرتی ہوئے عہدیدار فارغ کر کے ہر ضلع سے میرٹ پر نیا خون لایا جائے تو سروس سٹرکچر میں تبدیلی کو کوئی روک سکے گا؟ اگر سرکاری ہسپتالوں کے فنڈز چوری نہ ہوں اور دوائیاں غا ئب نہ ہوں تو مریض کیسے صحت مند نہیں ہوں گے؟ اگر ڈاکٹر دیہاتی ہسپتالوں میں نوکری کرنا شروع کر دیں تو پھر زچگی میں مائیں اور پیدائش کے ساتھ کوئی بچہ نہیں مرے گا؟ اگر پٹواریوں پر سے سیاسی دباؤ ہٹ جائے تو پھر کوئی گڑ بڑ والا انتقال منظور کروا سکے گا؟
اگر بھائی یتیم بہنوں کو جائیداد میں ان کا شرعی حق دینا شروع کر دیں تو عورت کیEmpowerment کوئی روک سکے گا؟اگر ہم اپنی کمائی سے اللہ تعالیٰ کا حصہ نکال کر ضرورت مند تک پہنچائیں تو کوئی حاجت مند بچے گا؟ اگر خدا کے بندے زمینی خداؤں کی خدائی ماننے سے انکار کر دیں تو علامتی بت پرستی منہ نہیں چھپاتی پھرے گی؟
اگر ماڈل ٹاؤن قتلِ عام نہ ہوتا تو ڈی چوک والے تاریخی دھرنے برپا ہوتے؟ اگر لاٹھی ،گولی اور آنسو گیس والی جمہوریت بائیس ہزار گرفتاریاں ،ہزاروں لاٹھی چارج کے زخمی، سینکڑوں گولیوں سے چھلنی ہونے والے شہریوں کو بے یارومددگار نہ چھوڑتی تو پارلیمنٹ اس قدر بے توقیر ہو سکتی تھی؟ اگر تاریخ کے طویل ترین دھرنوں سے عوامی بیداری کی لہر نہ اٹھتی تو وی آئی پی کلچر دُم دبا کر بھاگ جاتا؟ اگر گو نواز گو کی بھٹی گرم نہ ہوتی تو وزیروں کی گردنوں کا سریا موم ہوتا؟ اگر قرآن اور اقبال ہمیں یہ سبق نہ دیتے تو قوم بے خودی سے خودی کا سفر طے کرتی؟
خدا نے آج تک اُس قوم کی حالت نہیں بدلی 
نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا 

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں