پاکستان عظیم نعمت!

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ''اور یاد رکھو، تمہارے رب نے خبردار کر دیا تھا کہ اگر تم شُکرگزار بنو گے تو میں تم کو اور زیادہ نوازوں گا اور اگر کُفرانِ نعمت کرو گے تو میری سزا بہت سخت ہے‘‘ (سورۂ ابراہیم: 7)۔ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ جو لوگ اس کی قدر نہیں کرتے وہ انتہائی ناشکرے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی قدرتِ خاص سے انعام کے طور پر یہ وطن عطا کیا تھا۔ انگریز بھی ہمارے مخالف تھے اور متعصب ہندو تو ہمارے ازلی اور ابدی دشمن ہیں۔ ہندو بنیے کی سازشوں سے سکھ اقلیت کو بھی پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف اس قدر مشتعل کردیا گیا تھا کہ ہجرت کے وقت مسلمانوں کا سب سے زیادہ خون سکھوں ہی نے بہایا تھا۔
اس سارے تناظر میں پاک وطن کا قیام اللہ تعالیٰ کا خاص عطیہ تھا۔ اے کاش ہم ایک شکرگزار قوم بن سکتے۔ آج پاکستان کے قیام کو 76 سال پورے ہوگئے ہیں ۔ 76 سالوں میں قومیں کہیں سے کہیں پہنچ گئیں، مگر ہم آج بھی مشکلات کے بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں۔ آزاد وزندہ قومیں اپنے نظریات اور اپنے ورثے کی حفاظت کرتی ہیں اور ان پر فخر محسوس کرتی ہیں۔ ہمارا المیہ ہے کہ ہم اپنے نظریات کی خود ہی دھجیاں اڑا دیتے ہیں۔ ہمارے سبھی حکمرانوں نے ہمیشہ اقتدار میں آنے سے قبل بڑے بلند آہنگ دعوے کیے ہیں۔ سو دنوں میں قوم کی تقدیر بدل دینے کا خوش کن نعرہ لگاتے اور پاکستان کو مدینہ کی اسلامی ریاست کا نمونہ بنانے کا پاکیزہ ارادہ ظاہر کرتے ہیں۔ جب دعووں کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آئے تو اعدادوشمار دیکھ لیجیے نتیجہ صفر بلکہ منفی ڈگری کا ترجمان!
کتنا بڑا المیہ ہے کہ پاکستان کے سبھی حکمران اپنی قومی زبان سے آنے والی نسلوں کو محروم کردینے کی پالیسی پر گامزن رہے اور بدقسمتی سے اب بھی اسی پالیسی کو اپنائے ہوئے ہیں۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اسلامی نظام کو آج تک نہیں آنے دیاگیا۔ 1973ء کے آئین میں قومی زبان کی ترویج، سود کے مکمل خاتمے اور ملک کے قانونی ڈھانچے کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالنے کی واضح دفعات موجود ہیں۔ ان کے عملی نفاذ کے لیے حتمی تاریخیں بھی مقرر کی گئیں،جو عرصہ ہوا ماضی کا حصہ بن چکیں۔ بدقسمتی سے قوم آج تک ان نعمتوں سے محروم ہے جن کی ضمانت متفقہ دستور میں دی گئی ہے۔ دشمن کو کیا کوسنا، ہم خود اپنے دشمن بنے بیٹھے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس پاک ریاست پر رحم فرمائے۔ سبھی سیاسی قوتیں ایک دوسرے کے خون کی پیاسی ہیں۔
پاکستان کا قیام دو قومی نظریے کا مرہونِ منت ہے۔ مسلمانوں نے الگ خطہ کیوں حاصل کیا تھا، قائداعظمؒ کی تحریروں اور تقریروں میں غیرمبہم انداز میں اس کا جواب ملتا ہے۔ انہوں نے بارہا یہ کہا کہ ہمارا دستور ساڑھے تیرہ سو سال پہلے قرآن وسنت کی صورت میں بن چکا ہے۔ ہم ایک ایسا خطہ چاہتے ہیں جو آج کے دور میں اسلامی نظام کی مثال پیش کرے۔ ریاستِ پاکستان کا حصول قائد کے نزدیک اسلامی نظامِ زندگی کے لیے ایک قومی فرض اور دینی تقاضا تھا۔ اگر قائداعظمؒ کو اللہ تعالیٰ کچھ مہلت دیتا تو شاید اس ملک کا حال یہ نہ ہوتا جو آج ہم دیکھ رہے ہیں۔نام نہاد سیکولر دانشور قائداعظمؒ جیسی شفاف شخصیت کو سیکولر اور لادین سیاستدان ثابت کرنے کے لیے اس عظیم شخصیت پر بدترین ظلم ڈھا رہے ہیں۔ اللہ ان کو ہدایت دے۔ قائداعظم نے تو کبھی مرعوبیت کا مظاہرہ نہیں کیا تھا۔ وہ ڈنکے کی چوٹ اپنے عقائد و نظریات کا اظہار فرماتے تھے۔ ملاحظہ فرمائیے :
1...''ہم مسلمان اپنی تابندہ تہذیب اور تمدن کے لحاظ سے ایک قوم ہیں۔ زبان و ادب ، فنون لطیفہ، فنِ تعمیر، نام و نسب، شعور ،اقدار وتناسب، قانون و اخلاق، رسم و رواج، تاریخ و روایات اور رجحان و مقاصد،ہر ایک لحاظ سے ہمارا اپنا انفرادی زاویۂ نگاہ اور فلسفۂ حیات ہے۔ بین الاقوامی قانون کی ہر تعریف ہماری قومیت کو سلامی دینے کے لیے تیار ہے۔ (ایسوسی ایٹڈپریس، امریکہ کو بیان :یکم جولائی 1942ء)
2 ...''وہ کون سا رشتہ ہے جس میں منسلک ہونے سے تمام مسلمان جسدِ واحد کی طرح ہیں۔ وہ کون سی چٹان ہے جس پر ان کی ملت کی عمارت استوار ہے۔ وہ کون سا لنگر ہے جس سے اس اُمت کی کشتی محفوظ کردی گئی ہے۔ وہ رشتہ ، وہ چٹان ، وہ لنگر، خدا کی کتاب قرآنِ کریم ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ جوں جوں ہم آگے بڑھتے جائیں گے، ہم میں زیادہ سے زیادہ اتحاد پیداہوتا جائے گا۔ ایک خدا، ایک رسول، ایک کتاب، ایک اُمت۔‘‘(اجلاس مسلم لیگ ،کراچی ،1943ء)
3...''آپ نے غور فرمایاکہ پاکستان کے مطالبے کا جذبۂ محرکہ کیا تھا؟مسلمانو ں کے لیے ایک جداگانہ مملکت کی وجۂ جواز کیا تھی؟ تقسیمِ ہند کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ اس کی وجہ ہندوئوں کی تنگ نظری ہے ، نہ انگریزوں کی چال۔ دراصل یہ اسلام کابنیادی مطالبہ تھا۔ ‘‘(مسلم یونیورسٹی علی گڑھ، مارچ 1944ء)
4...پاکستان کی سرزمین میں زبردست خزانے چھپے ہوئے ہیں مگر اس کو ایک ایسا ملک بنانے کے لیے جو ایک مسلمان قوم کے رہنے سہنے کے قابل ہو ، ہمیں اپنی قوت اور محنت کے زبردست ذخیرے کاایک ایک ذرہ صرف کرناپڑے گا اور مجھے اُمید ہے کہ تمام لوگ اس کی تعمیر میں دل و جان سے حصہ لیں گے۔ ‘‘ (17اگست1947ء)
5...''جس پاکستان کے قیام کے لیے ہم نے گزشتہ دس برس جدوجہد کی ہے ، آج بفضل تعالیٰ ایک مسلمہ حقیقت بن چکاہے۔ مگر کسی قومی ریاست کو وجود میں لانامقصد بالذات نہیں ہوسکتا بلکہ کسی مقصد کے حصول کے ذریعے کا درجہ رکھتا ہے ۔ ہمارا نصب العین یہ تھا کہ ہم ایک ایسی مملکت کی تخلیق کریں جہاں ہم آزاد انسانوں کی طرح رہ سکیں۔ جو ہماری تہذیب و تمدن کی روشنی میں پھلے پھولے اور جہاں معاشرتی انصاف کے اسلامی تصور کو پوری طرح پنپنے کاموقع ملے۔ ‘‘(حکومتِ پاکستان کے افسران سے خطاب ۔11 اکتوبر1947ء)
6...''میں چاہتاہوں کہ آپ سب مکمل اتحاد اور باہمی تعاون سے کام کریں تمام خطروں کا مل جل کر مقابلہ کریں جو آج ہمیں درپیش ہیں مجھے یقین ہے کہ ہم ا ن مشکلات اور خطرو ں سے کامیابی سے گزر جائیں گے۔ پاکستان کی عزت اور وقار کو اور بھی بلند کرتے ہوئے، اسلام کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اور اپنے قومی پرچم کو لہراتے ہوئے...‘‘ (افواجِ پاکستان سے خطاب ...8نومبر1947ء)
یہاں ہم نے قائداعظم کے ملفوظات و فرمودات میں سے صرف چند کے حوالے دیے ہیں ورنہ قائد نے اس موضوع پر بہت کچھ لکھا اور فرمایا تھا جو سب محفوظ ہے۔ قائداعظم نے غیر مبہم انداز میں دو قومی نظریے کی تشریح کی۔ جو لوگ پاک سرحدوں کو محض ایک لکیر قرار دیتے اور یہ راگ الاپتے ہیں کہ ادھر بھی وہی رسوم و رواج اور اُدھر بھی ویسا ہی طرزِ زندگی ہے، ان کے اس فتنے سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
قیامِ پاکستان کے وقت دوقومی نظریے کے حق میں جس شخص نے سب سے زیادہ علمی و فکری کام کیا وہ سیدابوالاعلیٰ مودودیؒ تھے۔ اس زمانے میں ان کے مضامین ''مسلمان اور موجودہ سیاسی کشمکش ‘‘ کے عنوان سے ترجمان القرآن میں چھپتے تھے اور مسلم لیگ کا شعبہ نشرواشاعت انہیں کتابچوں کی صورت میں پورے ملک میں تقسیم کرتا تھا۔ ان مضامین میں سیدمودودیؒ نے تاریخی وعمرانی، دینی ومذہبی، معاشرتی وسماجی، تمدنی وثقافتی، سیاسی ومعاشی غرض ہر میدان میں مسلمانوں کا غیرمسلموں سے فرق واضح کیا۔ ان کے دلائل میں منطق بھی تھی اور تاریخ انسانی سے بھرپور استدلال بھی تھا۔ انہوں نے دنیا بھر کی اقوام وممالک اور مذاہب ونظریات سے مثالیں دے کر ثابت کیا کہ مطالبۂ پاکستان مبنی برحق ہے اور اس کی مخالفت امت مسلمہ کے مستقبل کو گروی رکھ دینے کے مترادف ہے۔
انہی مضامین میں آگے چل کر سیدمودودیؒ نے اس بات کو بیان کیا تھا کہ ایک اسلامی ریاست کو چلانے کیلئے جس ٹیم کی ضرورت ہے، بدقسمتی سے مسلم لیگ کو وہ میسر نہیں۔ قائداعظمؒ کو خود بھی اس بات کا احساس تھا اور خود انہوں نے کئی بار اس کا اظہار کیا۔ سیدمودودیؒ کی اس رائے کو نہایت بے انصافی اور سینہ زوری سے پاکستان کی مخالفت قرار دے دیا گیا، حالانکہ یہ مستقبل میں پیش آنیوالے مسائل ومشکلات کی نشان دہی تھی جو سچ ثابت ہوئی۔ قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں فکری لحاظ سے مولانا مودودی کی تحریروں میں دوقومی نظریے کا اثبات اور اکھنڈ بھارت کے تصور کا بطلان بہت بڑی فکری ونظری خدمت ہے۔ قیامِ پاکستان سے قبل ملک کے بعض حصوں میں ریفرنڈم کا مرحلہ بھی آیا جس میں وہاں کے باشندوں سے پوچھا گیا کہ وہ پاکستان کیساتھ رہنا چاہتے ہیں یا بھارت کیساتھ۔ جن علاقوں میں ریفرنڈم ہوا تھا، ان میں جماعت اسلامی کے ارکان ووابستگان نے پاکستان کے حق میں ووٹ دینے کیلئے بھرپور مہم چلائی۔ صوبہ سرحد اسکی بہترین مثال ہے۔ قائد اعظمؒ جوہرِ قابل کو پہچانتے اور اسکے قدردان بھی تھے۔ مولانا مودودیؒ کی نشری تقریریں جو ریڈیو پاکستان سے نشر ہوئیں، باقاعدہ چھپی ہوئی موجود ہیں۔ یہ سب قائداعظم کی زندگی میں کی گئی تھیں۔ جونہی قائداعظم اس دنیاسے (ماہِ ستمبر1948ء) رخصت ہوئے سیدمودودیؒ کو پس دیوارِ زنداں (اکتوبر1948ء) دھکیل دیا گیا۔
قائداعظم اور علامہ اقبال کے تصور و نظریے کے مطابق اس خطۂ پاک کی تعمیر ہمارا ملی فرض ہے۔ آئیے جشنِ آزادی پر اللہ تعالیٰ سے تجدیدِ عہد کریں کہ ہم اس فرض کی ادائیگی کے لیے کمربستہ رہیں گے۔ ''پاکستان کا مطلب کیا... لا الہ الا اللہ‘‘۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں