عام تصورات

آج کل پرویز مشرف جمہوریت کے بارے میں اپنے خیالات سے عوام کو مستفید کر رہے ہیں۔ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا: اگرچہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں‘ لیکن وہ مغربی نظام کو پاکستان کے لیے موزوں نہیں سمجھتے۔ کراچی کے یوتھ فورم سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے پیشروئوں، جنہوں نے شب خون مارتے ہوئے جمہوری حکومتوں کی چھٹی کرائی، نے دراصل ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ایسا کیا تھا۔ اپنے کراچی والے گھر میں گفتگو کرتے ہوئے سابق جنرل نے مجھے بتایا کہ پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اعلیٰ سطح پر فیصلے کرنے کے عمل میں فوج کو بھی آئینی حق دیا جائے۔ ان کا خیال تھا کہ اس سے مستقبل میں شب خون مارے جانے اور جمہوری حکومتوں کا تختہ الٹے جانے کا خدشہ ٹل جائے گا اور فوجی اور سویلین قیادت کے درمیان اتفاق رائے بھی تشکیل پائے گا۔
اعتراف‘ میری عمر اتنی زیادہ ہے کہ میں نے ان کانوں سے ایوب خان کا فرمودہ بھی سنا ہے کہ... ''پاکستان کے لوگوں کو پارلیمانی جمہوریت راس نہیں۔‘‘ پاکستان میں قائم ہونے والی تمام غیر سیاسی حکومتوں نے اسی ''دانائی‘‘ کے تحت عوام کو پارلیمانی جمہوریت کے شر سے بچایا اور اپنی قومی خدمت کی داد بھی پائی۔ 
کچھ فہم و فراست رکھنے والے پاکستانی یقینا یہ موقف رکھتے ہوں گے کہ ہمارے سیاست دان کئی عشروں سے سیاسی خود کشی کے مشن پر پورے خلوص سے گامزن ہیں اور اپنی نااہلی اور 
بدعنوانی کی وجہ سے فوج کو آگے آنے کی دعوت دیتے رہتے ہیں؛ چنانچہ طالع آزمائوں نے پیش کیے گئے مواقع سے فائدہ نہ اٹھانا کفران نعمت کے مترادف گردانا۔ یقینا وہ ایسے ہرگز نہیں تھے؛ چنانچہ جمہوری حکومتو ں کے تختے باقاعدہ وقفوں سے الٹے جاتے رہے۔ عوام کو یہ بات ذہن نشین کرا دی گئی کہ یہ بدعنوان سیاست دان اپنی جیبیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے۔ جب بھی غیر سیاسی لوگ نظام کی بہتری کا بیڑا اٹھاتے، وہ اسے مزید خراب کر دیتے۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد وہ بھی اُن سیاست دانوں سے مختلف دکھائی نہ دیتے جن سے وہ نفرت کرتے تھے۔ صاف دکھائی دیتا کہ وہ بھی کسی نہ کسی بہانے سے اپنے اقتدار کو طول دینے کی کوشش میں ہیں۔ 
فوجی حکومت کے طویل اور تلخ تجربے کے باوجود بہت سے پاکستانی، جو بظاہر جمہوریت کی حمایت کرتے ہیں، منتخب شدہ جمہوری حکومت کی کارکردگی سے ناخوش ہونے پر فوجی مداخلت کی ضرورت محسوس کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ جب آصف زرداری حکومت میں تھے‘ تو میں نے بہت سوں کو یہ کہتے سنا کہ ''اس موجودہ بدعنوان حکومت کا تختہ نہ الٹ کر جنرل (ر) کیانی اپنے فرائض سے غفلت برتنے کا ارتکاب کر رہے ہیں‘‘۔ اب جبکہ عمران خان کی احتجاجی تحریک نے گلیوں اور سڑکوں پر ایک ماحول قائم کر رکھا ہے تو بہت سے لوگ حیران ہیں کہ اب تک جنرل راحیل شریف نے پی ایم ایل (ن) کی حکومت کو چلتا کیوں نہیں کیا؟ آخر دیر کس بات کی ہے؟
جو پوائنٹ میں قارئین کو سمجھانا چاہتا ہوں‘ یہ ہے کہ پاکستان میں ابھی تک جمہوریت کی جڑیں عوام کے دلوں میں گہری نہیں ہیں۔ ہم تبدیلی کے لیے اتنے بے چین ہو جاتے ہیں کہ چار یا پانچ سال کا عرصہ ہم پر گراں گزرتا ہے۔ ہم ایک دو سال بعد ہی جمہوری حکومت سے تنگ آ جاتے ہیں۔ یہ دھڑکا ہماری جان نہیں چھوڑتا کہ بدعنوان سیاست دان ملک کو بیچ دیں گے۔ دوسری طرف فوجی آمر عشروں تک اقتدار پر قابض رہتے ہوئے‘ لمبی اننگز کھیلتے ہیں لیکن کسی ''امپائر‘‘ کی انگلی کھڑی نہیں ہوتی۔ شاید وردی اور گن کا تحفظ ہر قسم کے بال کو وکٹوں سے دور رکھتا ہے۔ 
جنرل (ر) پرویز مشرف کا خیال ہے کہ فوجی حکمرانوں نے سب کچھ قومی مفاد میں کیا۔ سابق جنرلوں کی حب الوطنی پر شک کیے بغیر یہ بات برملا کہی جا سکتی ہے کہ ان میں سے جو بھی رخصت ہوا (کم و بیش ایک عشرے کے بعد) تو ملک میں وہ خرابیاں، جنہیں وہ دور کرنے آیا تھا، کئی گنا بڑھ چکی تھیں۔ ان کی وجہ سے ہونے والے معاشی نقصانات کو ایک طرف رہنے دیں، ان کی وجہ سے قومی اداروں کی تباہی کی داستان بہت طویل بھی ہے اور دردناک بھی۔ بتدریج پروان چڑھنے اور بہتری کی طرف گامزن رہنے کی بجائے ہمارے جمہوری نظام کو شدید جھٹکے برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ اس کی وجہ سے یہ بار بار پٹری سے اتر کر عدم استحکام کا شکار ہو جاتا ہے۔ یوں کہہ لیں کہ ہمیں ایک ہی سفر کا بار بار آغاز کرنا پڑتا ہے، لیکن ہم سبق سیکھنے کے موڈ میں نہیں۔ ماضی میں سیاست میں مداخلت کے ساتھ ساتھ غیر دانشمندانہ مہم جوئی کے ذریعے ہمیں جمہوری اور معاشی ترقی کی راہ سے ہٹا دیا جاتا رہا۔ الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ انہوں نے انتہا پسند گروہوں کی مبینہ طور پر سرپرستی کی اور کشمیر اور افغانستان میں مداخلت کو روا سمجھا۔ اس سے جہاں ہمارے ہمسایوں سے ہمارے تعلقات میں دراڑیں پڑیں، وہیں نفرت پر مبنی نظریات نے پاکستانی معاشرے کا شیرازہ بکھیر دیا۔ 
چونکہ فوج ایک لڑاکا فورس ہوتی ہے، اس لیے وہ تسلیم نہیں کرتی کہ آج گن اور بموں سے زیادہ معاشی عوامل کسی ملک کے مقام کا تعین کرتے ہیں... موجودہ جرمنی اور ماضی کے سوویت یونین کی مثال ذہن میں رکھیں۔ آج جب پاکستان زوال اور انحطاط کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس عمل کے دوران ہم اپنے روایتی حریف بھارت سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں، تو آج ماضی کے نظریات کی فاش غلطیاں طشت ازبام ہو رہی ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ جب غیر سیاسی حکمران سیاسی طاقت حاصل کرتے ہیں تو وہ اپنے اردگرد اُن افسران کو رکھنا چاہتے ہیں‘ جو ان جیسا پس منظر رکھتے ہوں۔ وہ اپنے ادارے کے مفادات کا تو تحفظ کرتے ہیں، لیکن شاید سویلین قوانین تسلیم نہیں کرتے۔ فوج کی حد تک فیصلوں میں کم و بیش اتفاق رائے پایا جاتا ہے کیونکہ کوئی جونیئر افسر سینئر سے اختلاف نہیں کرتا۔ 
یہ بات تسلیم کرنا پڑے گی کہ اگرچہ جنرل مشرف کی طرف سے مقامی حکومتوں کو تقویت دینے کا مقصد روایتی سیاست دانوں کو بائی پاس کرنا تھا‘ لیکن یہ گراس روٹ لیول پر عوام کو اختیارات تفویض کرنے کی ایک اچھی کوشش تھی۔ اس کے باوجود ایک طے شدہ نظام کو خراب کرنے سے ملک کا بھلا نہیں ہوا۔ یہ بھی غلط نہیں کہ لامحدود سیاسی طاقت بھی بدعنوانی اور نااہلی کی طرف لے جاتی ہے کیونکہ حکمران اصلاحات کا بار اٹھانے کے قابل نہیں ہوتے۔ مشرف کی ایک بات قابل تحسین تھی کہ انہوں نے خواتین کی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا اور مذہبی امتیاز کی بنیاد پر انتخابات کا خاتمہ کیا۔ اگر وہ اپنی طاقت استعمال کرتے ہوئے مدرسوں کی اصلاح کرتے اور انتہا پسندوں کو لگام دے دیتے تو ہم اُن کے کہیں زیادہ مشکور ہوتے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں