"MMC" (space) message & send to 7575

بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس میں بیان کردہ موقف (حصہ اول)

16 اگست 2023ء کو جڑانوالہ میں المناک سانحہ رونما ہوا، اُس کی ہم نے اور پوری قوم نے شدید مذمت کی ہے۔ ایسے واقعات ملک و قوم کے لیے بدنامی کا باعث بنتے ہیں، اس پس منظر میں ''وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بینَ المذاہب ہم آہنگی‘‘ کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں ''بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی۔ اس میں پاکستان بھر سے مسیحیوں اور دیگر مذاہب کے مذہبی رہنما شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنا اپنا موقف پیش کیا اور اپنی مظلومیت کے حوالے دیے۔ مجھے اس موقع پر سب سے آخر میں خطاب کا موقع دیا گیا اور میں نے مندرجہ ذیل حقائق پیش کیے۔ وقت کی قلّت کے سبب تفصیلی گفتگو کا موقع نہیں تھا، اس لیے میں نے اس کالم میں بقیہ ضروری نکات کا بھی حتی الامکان احاطہ کیا ہے، لیکن بنیادی نکات وہی ہیں جو اس کانفرنس میں پیش کیے گئے:
(1) تصوف میں ایک ''فرقۂ ملامتیہ‘‘ ہوتا ہے: ''روحانی کمالات کا حامل کوئی صاحبِ علم و تقویٰ شخص بعض اوقات ایسی حرکات کرتا ہے کہ لوگ اُس کے قریب نہ آئیں، اُس سے عقیدت کا تعلق قائم نہ کریں تاکہ وہ الگ تھلگ رہ کر اپنے ذکر و فکر اور عبادت میں مشغول رہے، اللہ تعالیٰ کی ذات سے لَو لگائے رکھے اور لوگوں کے ہجوم سے دور رہے‘‘۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے: ہم پاکستانی بحیثیتِ قوم ''خود ملامتی‘‘ کے خوگر ہیں۔ شیشے کے گھروں میں رونق افروز براڈ کاسٹر، اینکر پرسن اور تجزیہ کار پاکستان اور اہلِ پاکستان کو کوسنے لگ جاتے ہیں، اپنی خرابیوں کی تشہیر کر کے سکرین کی رونق بڑھاتے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے: ''پچیس کروڑ پاکستانیوں میں کوئی ایک بھی خوبی نہیں ہے کہ اُسے عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے‘‘۔
(2) الزام یہ لگایا جاتا ہے: ''پاکستان میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں، اقلیتوں کو حقوق حاصل نہیں ہیں، خواتین کو حقوق حاصل نہیں ہیں، وغیرہ‘‘۔ ہمارا پہلا مطالبہ یہ ہے: پاکستان کے آئین و قانون سے ''اقلّیت‘‘ کا لفظ نکال دیا جائے، کیونکہ ہمارے ہاں ایسی فضا پیدا کر دی گئی ہے کہ اقلّیت کا لفظ بولتے ہی ذہن میں ''غیر مسلم‘‘ کا تصور آتا ہے، حالانکہ یہ ایک اِضافی اصطلاح (Relative Term) ہے، مثلاً: پاکستان میں آبادی کے اعتبار سے اگر ہندو اقلّیت میں ہیں، تو بھارت میں بیس کروڑ ہونے کے باوجود مسلمان اقلّیت میں ہیں۔ پس ہر پابندِ آئین و قانون غیر مسلم شہری کو، خواہ وہ خاندانی اور نسلی اعتبار سے چلا آ رہا ہے یا اُس نے بعد میں پاکستانی قومیت اختیار کی ہے یا قانونی ویزا لے کر پاکستان میں آکر مقیم ہو گیا ہے، وہی حقوق حاصل ہیں، جو مسلمانوں کوحاصل ہیں۔ دستورِ پاکستان سب غیر مسلموں کو جان، مال، عزت و آبرو اور اپنی عبادت گاہوں میں اپنے مذہب کے مطابق عبادت کی اجازت دیتا ہے، سو ہم سب پاکستانی ہیں: مسلم پاکستانی اور غیر مسلم پاکستانی، اپنے آپ کو پاکستانی کہلانے سے اپنائیت کا احساس پیدا ہوتا ہے، جبکہ اقلّیت کے لفظ سے محرومیت کا تاثّر پیدا ہوتا ہے۔ میں نے یہ تجویز بھی پیش کی: ''Minority Commission کا نام بدل کر ''Commission for Protection the Rights of Non-Muslims‘‘ رکھ دیا جائے۔
(3) مسلمان یورپ، امریکہ، کینیڈا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا میں عددی اعتبار سے اقلّیت میں ہیں، لیکن وہاں اقلّیت کی اصطلاح استعمال نہیں کی جاتی، جو وہاں کی قومیت کو اختیار کرتا ہے، وہ اپنے آپ کو امریکن، کینیڈین، آسٹریلین، یورپین اور برٹش کہلاتا ہے، زیادہ سے زیادہ وہ امریکن مسلم کہلاتے ہیں، علیٰ ھٰذا القیاس۔ مسلمانوں اور مسلمانوں کی عبادت گاہوں پر حملے امریکہ، کینیڈا، یورپ، برطانیہ اور نیوزی لینڈ میں بھی ہوتے رہے ہیں، لیکن وہاں کے میڈیا پر ہم نے کبھی نہیں سنا: ''اَقلیتوں پر حملہ ہو گیا ہے یا اُن ممالک میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں‘‘۔ اس کوعمومی انداز میں بے امنی، فساد یا دہشت گردی سے تعبیر کیا جاتا ہے، تو سوال یہ ہے: پاکستان میں ایسا کیوں نہیں ہوتا، یہاں تو فوراً اقلیتوں کی محرومی کا رونا رویا جاتا ہے، ایک ہنگامہ برپا ہو جاتا ہے، کیا پاکستان میں مسلمانوں کی مساجد، مزارات، تعلیمی اداروں، سکولوں، درس گاہوں، عام مقامات اور عوامی اجتماعات پر خودکش حملے نہیں ہوئے، کیا اُس وقت یہ کہا جاتا ہے: ''پاکستان میں مسلمان یا اکثریت محفوظ نہیں ہے، ہمارا مجموعی جانی نقصان اسّی ہزار سے زیادہ بتایا جاتا ہے، آبادی کے تناسب سے بھی مسلمانوں کا نقصان غیر مسلموں سے کم نہیں ہے‘‘۔ پس ایسا کیوں نہیں ہوتا کہ اسے پاکستان کے نقصان سے تعبیر کیا جائے، ایک خاص رنگ نہ دیا جائے کہ پاکستان دنیا بھر میں رسوا ہو۔ ہمارے ہاں تو مسیحیوں کے کلیسائوں، ہندوئوں کے مندروں، سکھوں کے گردواروں اور پارسیوں کے آتش کدوں پر بھی پولس کے محافظ متعین کیے جاتے ہیں، جبکہ مغربی ممالک میں مسلمانوں کی مساجد پر حملوں کے باوجود اس طرح کا حفاظتی بندوبست نہیں ہوتا، لیکن اس کے باوجود تکرار کے ساتھ کہا جاتا ہے: ''پاکستان میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں‘‘۔
(4) امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، یورپ، بھارت الغرض تمام جمہوری ممالک کی پارلیمنٹ، کانگریس اور قانون ساز اداروں میں مسلمانوں کے لیے ایک بھی محفوظ نشست نہیں ہے، جس نے ان اداروں میں آنا ہو، اُسے عام انتخاب میں آزاد یا کسی سیاسی جماعت کا نمائندہ بن کر کامیابی حاصل کر کے آنا ہوتا ہے۔ اس کے برعکس ہمارے ہاں غیر مسلموں کو عام انتخابات میں مسلمانوں کے برابر ووٹ دینے کا حق ہے، لیکن اُن کے لیے محفوظ نشستیں بھی ہمارے قانون ساز اداروں میں رکھی گئی ہیں، اس کے باوجود کہا جاتا ہے: ''پاکستان میں اقلیتوں کو حقوق حاصل نہیں ہیں‘‘۔
(5) سول اور دفاعی اداروں کی سرکاری ملازمتوں کے لیے مقابلے کے امتحان میں مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلم بھی برابر حصہ لے سکتے ہیں، علاوہ ازیں اُن کے لیے سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ بھی مختص ہے، لیکن جدید ترقی یافتہ ممالک میں، جو اپنے آپ کو حقوقِ انسانیت کا چیمپئن سمجھتے ہیں، مسلمانوں کے لیے ملازمتوں کا کوئی کوٹہ مختص نہیں ہے، اس کے باوجود کہا جاتا ہے: ''پاکستان میں اقلیتوں کو حقوق حاصل نہیں ہیں‘‘۔
(6) جمہوری دنیا کی کسی پارلیمنٹ، کانگریس یا قانون ساز ادارے میں خواتین کے لیے کوئی مخصوص نشستیں نہیں ہیں، اس کے برعکس پاکستان کی قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں اور مقامی حکومتوں کے تمام منتخب اداروں میں خواتین کے لیے محفوظ نشستوںکا کوٹہ رکھا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں خواتین کی محفوظ نشستوں کا تناسب 17.5 فیصد، پنجاب اسمبلی میں 17.7 فیصد، سندھ اسمبلی میں 22.6 فیصد، پختونخوا اسمبلی میں 15.1 فیصد اور بلوچستان اسمبلی میں 16.9 فیصد رکھا گیا ہے، اس کے باوجود کہا جاتا ہے: پاکستان میں عورتوں کو حقوق حاصل نہیں ہیں۔ ہمارے ہاں تو ٹرانس جینڈر کے لیے بھی سرکاری ملازمتوں میں دو فیصد کوٹہ مختص کر دیا گیا ہے۔ الغرض دنیا کے سامنے ہم اپنے آپ کو ''فرماں بردار اور اچھا بچہ‘‘ بناکر پیش کرنے کی ہر ممکن سعی کرتے ہیں، مگر اس کے باوجود دنیا اور ہمارا لبرل میڈیا آئے روز یہ فتوے صادر کرتے ہیں: ''پاکستان میں خواتین کومساوی حقوق حاصل نہیں ہیں‘‘۔
(7) ایک سیمینار میں ایک مسیحی مذہبی رہنما نے کہا: ''ہم کسی عیسیٰ کو نہیں جانتے، ہم تو مسیح کو جانتے ہیں‘‘۔ میں نے کہا: ''کوئی بات نہیں، آپ عیسیٰ کو نہیں جانتے، ہم حضرت مسیح علیہ السلام کو جانتے ہیں، آپ بھلے اپنے کو مسیحی کہلائیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، اسی طرح ہندو اپنے آپ کو ''ویدانتی (وید وں کے ماننے والے) کہلائیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے‘‘۔
(8) میں نے یہ بھی کہا: '' قرآن و سنّت اور شریعت کی رو سے جو اسلام کے بنیادی عقائد اور ضروریاتِ دین کا انکار کرے، وہ کافر کہلاتا ہے، لیکن ہمارے فقہائے کرام نے لکھا ہے: ''اگر کافر کہے جانے پر کوئی غیر مسلم اپنی توہین محسوس کرے، تو ہمارے نزدیک تو وہ کافر ہیں، لیکن ہمیں انہیں کافر کہنے پر اصرار نہیں ہے، ہم انہیں اُن کے مذہب کے حوالے سے ہندو، مسیحی، سکھ اور پارسی وغیرہ کہہ دیں گے‘‘۔
(9) میں نے کہا: عام طور پر یہ ہوتا ہے کہ کوئی غیر مسلم لڑکی کسی مسلمان لڑکے کی محبت میں گرفتار ہوکر اسلام قبول کر تی ہے اور شادی کر لیتی ہے۔ اس طرح کے واقعات مغربی ممالک میں بھی ہوتے رہتے ہیں، وہاں کی حکومتوں کو اِس پر کوئی اعتراض نہیں ہوتا، لیکن یہاں کسی تحقیق و تفتیش کے بغیر الزام لگا دیا جاتا ہے کہ غیر مسلموں کو اسلام قبول کرنے اور تبدیلیِ مذہب پر مجبور کیا جاتا ہے، ایسا کرنا اسلام، آئین، قانون اور اخلاقیات کی رُو سے جائز نہیں ہے۔ میں نے کہا: ''اگر آپ جبر ثابت کر دیں تو ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، پریس کلب میں جاکر آپ کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے‘‘، کیونکہ اسلام میں جبراً تبدیلی مذہب کا کوئی تصور نہیں ہے۔ قرآنِ کریم میں اس کی ممانعت ہے۔ ایک مسیحی مذہبی رہنما نے کہا: تیرہ سال کی لڑکی کو تو شعور ہی نہیں ہوتا، میں نے کہا: اگرچہ کوئی بھی بالغہ عورت اپنی آزادانہ مرضی سے نکاح کر سکتی ہے، والدین کی مرضی سے کرے تو یہ اس کے لیے سعادت ہے اور سب جانتے ہیں: عورت کی بلوغت کا معیار کیا ہے۔ اسلام کی رُو سے اگر پہلے علاماتِ بلوغت ظاہر نہ ہوں تو پندرہ سال کی عمر پوری ہونے پر اُسے بالغ تصور کیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان کے قانون میں شادی کے لیے پہلے سولہ سال عمر مقرر کی گئی تھی اور اب اٹھارہ سال کر دی گئی ہے۔ لیکن اگر واشنگٹن میں وائٹ ہائوس یا لندن میں 10 ڈائوننگ سٹریٹ کے سامنے کوئی دس سال کا سفید فام لڑکا یا لڑکی کلمۂ طیبہ پڑھ کر عَلانیہ اسلام قبول کر لے تو ان ممالک کا قانون اُسے کچھ نہیں کہتا، ایسی پابندیوں کا مطالبہ صرف پاکستان میں کیا جاتا ہے۔
(10) میرے دعوے کا ثبوت یہ ہے: صوبۂ سندھ میں دو لڑکیوں نے اسلام قبول کرکے دو مسلمانوں لڑکوں سے شادی کی، اس پر کسی تحقیق کے بغیر واویلا مچا دیا گیا: لڑکیوں کو اِغوا کر کے جبراً مسلمان بنایا گیا ہے، چنانچہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اُس وقت کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے انہیں اپنی عدالت میں بلایا اور دو ہفتے کے لیے اپنے ہندو والدین کے ساتھ بھیج دیا، دو ہفتے کے بعد اُن لڑکیوں نے عدالت میں آکربیان دیا: ''ہم نے کسی جبر و اکراہ کے بغیر بخوشی اسلام قبول کیا ہے، اپنی مرضی سے شادی کی ہے اور اپنے شوہروں کے ساتھ جانا چاہتی ہیں‘‘، چنانچہ عدالت نے انہیں اُن کے شوہروں کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔ کئی بار ایسا ہوا: کسی مسلمان لڑکی نے گھر سے نکل کر والدین کی مرضی کے خلاف کسی شخص سے شادی رچا لی، این جی اوز کی بیگمات ایسے جوڑوں کو اپنی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کے انتظار میں رہتی ہیں، اگر ان کے والدین عدالت سے رجوع کریں: تو عدالت ان لڑکیوں کو اپنے والدین کے ساتھ بھیجنے کے برعکس دارالامان بھیج دیتی ہے۔ بتائیے! عدالتوں کا امتیازی رویہ غیر مسلم لڑکیوں کے ساتھ ہوتا ہے یا مسلمان لڑکیوں کے ساتھ، یہ سب سامنے کے حقائق ہیں، کوئی افسانوی داستانیں نہیں ہیں، اس کے باوجود لوگ منفی پروپیگنڈے سے باز نہیں آتے۔ (جاری)

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں