1935ء میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال نے اپنی نظم ساقی نامہ میں چینیوں کی ترقی کی پیش گوئی کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ
گراں خواب چینی سنبھلنے لگے
ہمالہ کے چشمے اُبلنے لگے
اُس وقت اس کو صرف شاعرِ مشرق کا ایک خواب قرار دیا گیا لیکن وقت نے ثابت کیا کہ واقعی چینی نہ صرف سنبھلنے لگے بلکہ چینیوں کے بے مثل عزم و استقلال نے معاشی و عسکری طور پر خود کو منواتے ہوئے عالمی سپر پاور امریکہ کو ہر میدان میں مات دینا بھی شروع کر دی۔ بلاشبہ بیجنگ آج عالمی سپر پاور کا منصب سنبھالنے کو تیار ہے اورتاریخ میں علامہ اقبال سر خرو ہو چکے ہیں۔ موجودہ عالمی تناظر میں یہ ثابت ہو چکا ہے کہ رواں صدی میں چین کا علاقائی اور عالمی سطح پر کردار مسلمہ حیثیت اختیار کر چکا اور امریکی پسپائی کا آغاز ہو چکا ہے۔ نام نہاد سپر پاور‘ جس نے گزشتہ چار دہائیوں سے ایران کا خوف دلا کر مشرقِ وسطیٰ میں تباہی مچائے رکھی، افغانستان کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے لیے اپنی فوجیں وہاں اتاریں اور پھر دو دہائیوں کی جنگ لڑنے کے باوجود شکست کھانے کے بعد وہاں سے اپنا بوریا بستر لپیٹنے کے لیے پاکستان کی منتیں‘ سماجتیں کیں‘ اس کی مکاری ملاحظہ کیجیے کہ جاتے وقت پاکستان کی سلامتی کو کمزور کرنے کے لیے اپنا اسلحہ منظم منصوبہ بندی کے تحت دہشت گروں کے لیے چھوڑ دیا۔
فلسطین میں اسرائیل امریکی پشت پناہی ہی پر فلسطینیوں کی نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ بیشک انسانیت کو تباہ کرنے میں امریکہ کا بڑا کردار رہا ہے اور اس نے اپنی طاقت کے زعم میں دنیا بھر میں اپنے اڈے قائم کیے۔ اس وقت دنیا کے 120 ملکوں میں اس کے فوجی اڈے موجود ہیں۔ اس نے اپنے عالمی سپر پاور کے منصب کو طول دینے کے لیے پوری دنیا کو جنگ میں جھونک رکھا ہے جبکہ دوسری جانب چین کی سب سے بڑی خاصیت یہ رہی کہ وہ عسکری محاذ پر الجھنے کے بجائے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ساتھ معیشت ودفاع کو مضبوط بنانے کی راہ پر گامزن رہا۔ دنیا بھر کے محققین اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ چند برسوں میں چین امریکہ اور یورپ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائے گا اور2035 ء تک وہ دنیا کی واحد سپرپاور بن چکا ہو گا۔
چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے اونچی اور شہد سے میٹھی ہے جس کے ثمرات ہمیں سی پیک کی صورت میں حاصل ہوئے ہیں۔ بیجنگ کے ''دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو‘‘ جیسے عظیم انقلابی منصوبے کی تکمیل کے بعد امریکہ اور یورپ کے سامنے چین کے آگے ہتھیار ڈالنے کے سوا کوئی چارہ نہ ہو گا۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ چین سرمایہ کاری، تجارت اور سفارت کاری کو بہترین انداز میں استعمال کرتے ہوئے ایشیا میں ذرائع آمدو رفت کا ایسا جال بچھا رہا ہے کہ جس سے تجارت کو اس طرح تقویت ملے گی کہ پورا خطہ اس کی بانہوں میں سمٹ آئے گا۔ لہٰذا اسی معاشی و سیاسی اثر و رسوخ کو روکنے اور ایشیا پر اپنی بالا دستی قائم کرنے کے لیے امریکہ اپنے اتحادیوں کے ذریعے چین کے لیے نت نئے مسائل پیدا کر رہا ہے اور اسے گھیرنے کی تدابیر کر رہا ہے۔ بیجنگ کے بڑھتے معاشی و سیاسی اثر و رسوخ کو روکنے کے لیے ایک گریٹ گیم جاری ہے جس کے لیے امریکی ایما پر بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کو فروغ دینے میں اپنا پورا زور لگا رہا ہے تاکہ چین کے اربوں ڈالرز کے جاری پروجیکٹس کو روکا جا سکے۔
امریکی پالیسیوں کے برعکس چین دنیا بھر میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط تر بنانے پرتوجہ دے رہا ہے۔ جن ممالک کی معیشت کمزور ہے‘ وہ چین سے مدد لے رہے ہیں۔ جن وسائل سے وہ اپنے طور پر مستفید ہونے کی صلاحیت نہیں رکھتے‘ ان سے مستفید ہونے میں وہ چین کا سہارا لے رہے ہیں۔ دراصل چین کی دنیا بھر میں کی گئی سرمایہ کاری سے امریکہ خوفزدہ ہے۔ چین نے افریقی ممالک میں بھی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کررکھی ہے جن میں نائیجیریا، سوڈان، جبوتی اور ایتھوپیا شامل ہیں۔ اسرائیل کئی برسوں سے ایتھوپیا میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے کے لیے کوششیں کررہا ہے۔ یہاں اس بات کو ذہن میں رکھا جائے کہ دریائے نیل جیسے عظیم دریا کا منبع ایتھوپیا ہی میں ہے جو یہاں سے پہلے سوڈان میں داخل ہوتا ہے اور پھر مصر کا راستہ لیتا ہے۔ اسی وجہ سے دریائے نیل کے پانی کی تقسیم پر پہلے مصر اور سوڈان میں اختلافات پیدا کیے گئے اور پھر ایتھوپیا کو مجبور کیا جاتا رہا کہ وہ سوڈان اور مصر کو پانی بند کرنے کی دھمکی دے۔ یقینا ایسا کرنا افریقہ میں خطے کی ایک بڑی جنگ کا بگل بجانے کے مترادف ہے اور اگر آگے چل کر ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے کہ علاقائی ممالک پانی کی تقسیم پر ایک دوسرے سے عسکری طور پر الجھ پڑتے ہیں تو اس کا سب سے زیادہ نقصان چین ہی کو ہوگا جس نے افریقی ممالک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، خطے میں جنگ سے اس کی معاشی سرگرمیاں رک جائیں گی۔
ماضی قریب میں امریکہ نے چین اور روس کے اوپر ڈالر کی تلوار اس لیے لٹکائی ہوئی تھی کہ اگر یہ دونوں ملک عالمی اقتصادیاتی نظام میں ڈالر کو دبانے کی کوشش کریں تو امریکہ اور اس کے صہیونی اتحادی مشرقِ وسطیٰ کے شمال اور افریقہ کے اہم ممالک میں جنگی کیفیت پیدا کردیں۔ پانی پر جنگ کا یہی کھیل افغان جنگ کے دوران امریکہ اور اسرائیل نے بھارت کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بھی کھیلا اور پاکستانی دریائوں پر بند باندھنے کی سازشیں شروع کی گئیں۔ روس اور چین امریکی ڈالر کے بجائے اب چینی کرنسی یوآن میں تیل کی خرید و فروخت کے علاوہ اپنے دیگر متعلقہ مالیاتی اداروں کے درمیان امریکی ڈالر کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے ایک نیا مالیاتی نظام قائم کرنے کے لیے بھی بڑی تیزی کے ساتھ ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔ لاطینی امریکی ریاستوں میں بھی چین کی کرنسی تیزی سے اپنی جگہ بنا رہی ہے کیونکہ کورونا کے بعد اقتصادی بحران سے نہ صرف یورپ بلکہ امریکہ بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق واشنگٹن میں بیروزگاری کی شرح 7.9 فیصد سے بھی بلند ہو چکی ہے جبکہ مہنگائی بھی 8.4فیصد کی شرح پر پہنچ گئی ہے جو گزشتہ کئی برسوں میں بلند ترین شرح ہے۔ ماہرین کے مطابق اب امریکہ کے لیے اپنا وجود برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق بل کلنٹن کے دورِ حکومت میں امریکہ کا مجموعی قرضہ 5.7 ٹریلین ڈالر تھا لیکن جب امریکہ مسلم ممالک کو فتح کرنے کے جنون میں مبتلا ہوا تو عراق اور افغان جنگ کے نتیجے میں اس کے قومی قرضوں میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا گیا جو بڑھتے بڑھتے 14.46 ٹریلین ڈالرکی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ 2003ء کے بعد سے امریکہ پر قرضوں کے بوجھ میں تقریباً 500ارب ڈالر سالانہ کی شرح سے اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق 2008 ء میں امریکی قرضوں میں ایک ٹریلین ڈالر، 2009 ء میں 2 ٹریلین ڈالر، 2010 ء میں 1.7 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوا، جون2019 ء تک امریکہ کے واجب الادا قرضوں کا حجم مجموعی طور پر 16.46 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکا تھا۔ اس وقت امریکہ کا مجموعی قومی قرضہ33.76 ٹریلین ڈالر سے بھی زیادہ ہے یعنی 33760 ارب ڈالر، جبکہ بیرونی قرضہ سات ہزار ارب ڈالر سے زائد ہے۔
1974ء میں جب سوویت یونین سے کئی گنا امیر اور زیادہ پیداواری صلاحیت کا حامل امریکہ اپنے دفاع پر سالانہ 85 ارب ڈالر خرچ کررہا تھا تو سوویت یونین دفاع پر 109 ارب ڈالر خرچ کررہا تھا۔ اسی عرصے میں ایک ارب سے زائد آبادی کا حامل چین دفاع پر صرف 29 ارب ڈالر ، برطانیہ 9.7 ارب ڈالر، فرانس 9.9 ارب ڈالر اور جرمنی 13.7 ارب ڈالر خرچ کررہا تھا۔ نیویارک ٹائمز کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق کارپوریٹ ٹیکسوں میں منظم کمی، وال سٹریٹ کے لامتناہی بیل آؤٹ پیکیجز اور ریکارڈ عسکری اخراجات کے نتیجے میں 2023 ء میں امریکی بجٹ کا خسارہ دوگنا ہو کر 1 ٹریلین ڈالر سے بڑھ کر 2 ٹریلین ڈالر ہو گیا ہے۔ برطانوی جریدے '' دی اکانومسٹ‘‘ کے مطابق ''چین وہ واحد ملک ہے جو امریکہ کو عالمی نمبرون کی حیثیت سے گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چینی فوج بھی اب تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس کے پاس دنیا کی سب سے بڑی بحریہ، تیسری سب سے بڑی فضائیہ، میزائلوں کی بڑی کھیپ اور سائبر سپیس میں طاقت کے علاوہ خلا میں بھی جنگی سامان موجود ہے۔ اس رپورٹ میں روس اور چین کے درمیان 'سرحد کے بغیر دوستی‘ کو حقیقی اتحاد میں تبدیل کرنے کے حوالے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔ عالمی ماہرین کا خیال ہے کہ دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے۔ دی اکانومسٹ نے اشارہ دیا کہ عالمی معیشت میں امریکہ کا وزن نسبتاً کم ہو رہا ہے۔ امریکہ کی جی ڈی پی دوسری عالمی جنگ میں اپنے حریفوں‘ جرمنی اور جاپان اور سرد جنگ میں سوویت یونین اور چین سے بہت زیادہ رہی؛ تاہم ان دنوں چین کی جی ڈی پی امریکہ سے زیادہ پیچھے نہیں۔ امریکہ کے پاس ایشیا میں چین کے خلاف نیٹو جیسا کوئی اتحاد بھی نہیں جو چین کے بڑھتے قدموں کو روک سکے۔
عالمی معیشت میں چین کی مستحکم ہوتی ہوئی پوزیشن امریکہ، یورپ، بھارت اور اتحادی ممالک کے لیے پریشانی کا سبب بنی ہوئی ہے۔ چین کو گھیرنے کیلئے امریکہ کے اس خطے میں متعدد اتحاد اور معاہدے اس کا واضح مظہر ہیں۔ خطے میں ''را‘‘ کو کھلی چھوٹ کا مقصد بھی چینی منصوبوں کو زک پہنچانا ہے تاکہ اقوام عالم میں اس کے بڑھتے اثر و رسوخ کو کم کیا جا سکے۔ چین کی بڑھتی طاقت کے سبب امریکہ کثیر قطبی نظام کی واپسی اور اپنی مطلق العنان برتری کے کھو جانے سے بہت زیادہ خوفزدہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اب امریکہ کا نہیں‘ چین کا وقت ہے۔ ڈالر کا دور ختم ہو رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ امریکی عالمی بالادستی بھی۔